Live Updates

نذیر چوہان کے بیان اور علیحدگی پر جہانگیر ترین گروپ کا سخت ردعمل آگیا

نذیر چوہان ’نِپل والی بوتل‘ سے دودھ نہیں پیتا کہ ہم نے اسے گمراہ کیا ، دو دن کی جیل سے نذیر چوہان کی ہوا نکل گئی، جیسے ہی مذہبی بیان بازی پر نذیر چوہان کی پکڑ ہوئی تو گروپ چھوڑ کر بھاگ گیا۔ رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 4 اگست 2021 19:31

نذیر چوہان کے بیان اور علیحدگی پر جہانگیر ترین گروپ کا سخت ردعمل آگیا
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 اگست 2021ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کے بیان اور علیحدگی پر جہانگیر ترین گروپ کا سخت ردعمل آگیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی سے ناراض ترین گروپ کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے کہا کہ دو دن کی جیل سے نذیر چوہان کی ہوا نکل گئی ، نذیر چوہان ’نِپل والی بوتل‘ سے دودھ نہیں پیتا کہ ہم نے اسے گمراہ کیا ، اپنی مرضی سے گروپ میں آیا ہم زبردستی نہیں لائے تھے ، جذباتی آدمی ہے ، گروپ میں بھی آگے بڑھنے کیلئے بڑے بڑے مشورے دیتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے منع کیا تھا کہ مذہبی معاملات پر بیان بازی سے گریز کرے ، نذیر چوہان کو شہزاد اکبر کی وضاحت کے بعد خاموش ہونے کا بھی کہا ، جیسے ہی مذہبی بیان بازی پر نذیر چوہان کی پکڑ ہوئی تو گروپ چھوڑ کر بھاگ گیا ، جہانگیر ترین سے متعلق نذیر چوہان کی گفتگو لغو ہے ، ہم سب جہانگیر ترین کی قیادت میں متحد ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان نے جہانگیر ترین گروپ سے علیحدگی کا اعلان کردیا ہے ، جیل سے رہائی کے بعد وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترین گروپ سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے ، کیوں کہ جہانگیر ترین نے مجھے صرف استعمال کیا ، مشکل وقت میں جہانگیر ترین نے فون کال تک نہیں کی جب کہ میں جہانگیر ترین کی ہر پیشی پر گیا ، لوگوں کی منافقت اور کئی چھپے چہرے سامنے آگئے ، مجھے استعمال کرنے پر جہانگیر ترین کو شرم آنی چاہیئے۔

پی ٹی آئی رکن پنجاب اسمبلی نے کہا کہ جہانگیر ترین کو لیڈر مانا لیکن وہ اس قابل نہیں ، میرا لیڈر صرف عمران خان ہے ، میں وزیراعظم عمران خان سے بھی معذرت خواہ ہوں ، جب انسان کو اپنی غلطی کا احساس ہو جائے تو سافٹ ویئر خود ہی اپڈیٹ ہوجاتا ہے۔ اس موقع پر وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پی ٹی ائی میں صرف ایک ہی دھڑا ہے اور وہ عمران خان ہے ، جوبھی عمران خان کے ساتھ ہے وہ پارٹی میں ہے ، برے وقت میں جب کوئی ساتھ نہ دے تو وہ پوری زندگی نہیں بھولتا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات