ملک پر نا اہلوں ،بدعنوانوں کا ٹولہ مسلط ہے جس کے پاس عوام کو گمراہ کرنے کے سوا کچھ نہیں،مولانا عبدالحق ہاشمی

بدھ 4 اگست 2021 23:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2021ء) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ ملک پر نا اہلوں ،بدعنوانوں کا ٹولہ مسلط ہے۔ جس کے پاس عوام کو گمراہ کرنے کے سوا کچھ نہیں۔بلوچستان کو بجلی لوڈشیڈنگ،بدعنوانی اور بے روزگاری نے تباہ کرکے رکھ دیا ہے زراعت ومعیشت تباہ ہونے سے عوام مالی طور پرپریشان ہیں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے دعویدار وزراء اپنے حلقوں کے عوام سے ہی پوچھ لیں کہ لوڈشیڈ نگ کتنی کم ہوئی ہے ۔

دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاہے کہ حکمرانوں کی سنجیدگی کا یہ عالم ہے کہ کوئی ایک کام بھی ڈھنگ سے ان سے نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

عوام کب تک ان کے بول بچن پر اعتبار کریں۔ ترقیاتی منصوبوں ٹھپ پڑے ہیں۔بلوچستان میں کوئی میگاپراجیکٹ نہیں ہر طرف اندھیر نگری ،مجرمانہ غفلت وبدعنوانی کا دور دورہ ہے۔

ترقیاتی بجٹ کا ترقیاتی کاموں کے بجائے بدعنوانی پر خرچ ہورہا ہے جو حکومت کی نااہلی کاثبوت ہے ۔ عوام کے فلاح وبہبود کے سارے کام بند ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے لیے کوئی واضح میکنزم موجود نہیں۔ نا اہل حکمران اور روایتی بیوروکریسی نے عوام کا جینا محال کرکے رکھ دیا ہے۔ اسمبلی اجلاس میں عوامی مفاد کیلئے قانون سازی کی بجائے حکومت واپوزیشن ایک دوسرے کو نیچادکھانے میں مصروف ہیں حکومت واپوزیشن نے عوام کو ان کے حالت پر چھوڑ دیا ممبران اسمبلی اجلاس میں بھی ذاتی مفادات ایک دوسرے کو نیچا دکھانے والزامات اورگالیاں دینے کیلئے شرکت کرتے ہیں انہیں عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں اسمبلیاں جاگیر داروں ، وڈیروں اور سرمایہ داروں سے بھری پڑی ہیں۔

عوام کے حقوق کی بات کرنے والا کوئی نہیں۔ جماعت اسلامی ہی عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے۔ ہم نے عوامی مسائل کو ہر سطح پر اجاگر کیا ۔ اقتدار میں نہ رہتے ہوئے بھی عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ اختیارات کا ناجائز استعمال اور قومی خزانے کو لوٹنے والوں کا محاسبہ نہ ہونا المیہ ہے ۔