مقبوضہ کشمیر کے محاصرے کو انسانی تاریخ میں ہمیشہ ایک سیاہ باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا: بلاول بھٹو زرداری

بھارت کا مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا متنازعہ، یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام کشمیریوں کی تحریکِ آزادی کو دبانے کی ناکام کوشش ہی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بدنامِ زمانہ آر ایس ایس کا وہ متعصبانہ نظریئہ کامیاب نہیں ہوگا، فاشسٹ مودی جس کا پیروکار ہے، جبکہ مسئلہ کشمیر صرف رائے شماری کے ذریعے ہی حل ہوگا، افغانستان میں بدلتے ہوئے حالات کے پیشِ نظر کشمیر تنازعے کو حل کرنا ضروری ہے، تاکہ یہ خطہ انارکی کے شعلوں کی لپیٹ میں آنے سے محفوظ رہی: یوم استحصال پر بیان

بدھ 4 اگست 2021 23:54

کراچی/ اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 اگست2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کا مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا متنازعہ، یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام کشمیریوں کی تحریکِ آزادی کو دبانے کی ناکام کوشش ہے۔ یوم استحصال کے موقعے پر جاری کردہ اپنے بیان میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ مودی حکومت کے اقدامات صرف مقبوضہ وادی اور اس کے پرامن عوام پر حملہ نہیں ہیں، بلکہ یہ بین الاقوامی قوانین و عملداری، اقوام متحدہ کی قراردادوں میں بیان کردہ عالمی برادری کی مشیت، اور بقائے باہمی کے اصولوں و فلسفے، جمہوری اقدار اور انسانیت پر بھی حملہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قابض بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے کیئے گئے محاصرے کو انسانی تاریخ میں ہمیشہ ایک سیاہ باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بدنامِ زمانہ آر ایس ایس کا وہ متعصبانہ نظریئہ کامیاب نہیں ہوگا، فاشسٹ مودی جس کا پیروکار ہے، جبکہ مسئلہ کشمیر صرف رائے شماری کے ذریعے ہی حل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں بدلتے ہوئے حالات کے پیشِ نظر کشمیر تنازعے کو حل کرنا ضروری ہے، تاکہ یہ خطہ انارکی کے شعلوں کی لپیٹ میں آنے سے محفوظ رہے۔

انہوں نے مزید کہا عالمی برادری کو بھی اب جاگ جانا چاہیے اور حالات کے مطابق اقدامات اٹھانے چاہیے۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہماری پارٹی نہ تو بھارتی بربریت پر خاموش رہے گی اور نہ ہی کشمیر کاز کے معاملے پر سلیکٹڈ وزیر اعظم کی مجرمانہ غفلت پر چٴْپ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں پیچھے ہٹنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ وہ وعدہ جو شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کیا تھا، اسے میں پورا کرنے کا عزم رکھتا ہوں۔

کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ، کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق ہوگا اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی کے عوام منتظر ہیں کہ مسئلہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان کی پوری قیادت متحد ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب سے سلیکٹڈ حکومت اقتدار میں آئی ہے، ذاتی انا و مفادات نے حقیقی قومی مفاد پر فوقیت حاصل کرلی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کشمیری عوام کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام اور ان کے جمہوری و آئینی ادارے کشمیریوں کی جدوجہد کے پیچھے متحد کھڑے ہیں۔

پی پی پی چیئرمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اس کشمیری عوام کی وکالت کرتے رہیں گے، جو ہر روز بھارت کی قابض فوج کے ہاتھوں تشدد اور مظالم کا سامنا کرتے ہیں، اور ان کی آزادی کے بنیادی اور آفاقی حق کے لیے بھی لڑتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے معاملے پر اب دنیا کو بیدار ہونا چاہیے، اور میں اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، جب تک ایسے ہو نہیں جاتا۔