اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ایک بار پھر نیب کے ریڈار پر آگئے

نیب نے سرکاری زمین من پسند افراد کو ٹرانسفر کرنے کے الزام میں شہباز شریف کے خلاف انکوائری کی منظوری دے دی

بدھ 4 اگست 2021 21:19

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ایک بار پھر نیب کے ریڈار پر آگئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 4اگست 2021) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ایک بار پھر نیب کے ریڈار پر،نیب نے سرکاری زمین من پسند افراد کو ٹرانسفر کرنے کے الزام میں شہباز شریف کے خلاف انکوائری کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر و مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف ایک بار پھر نیب کے ریڈار پر آ گئے۔ ‏ذرائع کے مطابق نیب نےسرکاری زمین ٹرانسفر کرنے پر نئی انکوائری شروع کر دی ہے جس کی ‏منظوری آج ہونے والے نیب ایگزیکٹوبورڈ اجلاس میں دی گئی۔

شہبازشریف پر بہاولپور سیٹلائٹ ٹاؤن میں سرکاری زمین من پسند افراد کو ٹرانسفر کرانے کا الزام ‏ہے۔شہبازشریف نے وزیراعلیٰ کے عہدے کا ناجائز استعمال کر کے سرکاری زمین ٹرانسفر کرائی جب کہ ‏سابق ایم این اے بلیغ الرحمان، سابق کمشنرعاطف کے خلاف بھی انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب شہبازشریف کی زیرصدارت کنٹونمٹ بورڈز الیکشن سےمتعلق اجلاس ہوا جس میں ن ‏لیگ کےصوبائی صدور نے ورچوئل اجلاس میں شرکت کی کنٹونمنٹ بورڈزالیکشن ،امیدواروں کی ‏نامزدگیوں پرمشاورت کی گئی اور سپروائزری کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔

اس موقع پر شہبازشریف نے کہا کہ پارٹی ٹکٹس کافیصلہ صوبائی صدور کی مشاورت سےکیاجائےگا ‏کنٹونمنٹ بورڈالیکشن بھرپورجذبے،حکمت عملی سےلڑیں گے۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ملک میں آئندہ ایک سے تین ماہ میں مہنگائی کا نیا طوفان آنے والا ہے، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس کے حکومتی دعوے دم توڑ گئے ہیں، رواں مالی سال پہلے ماہ میں ہی تجارتی خسارہ 81.4 فیصد تک بڑھ گیا ہے، درآمدات دوگنا بڑھ چکی ہیں، ڈالر کی قیمت اوپر اور روپے کی قدر مسلسل نیچے جا رہی ہے، جولائی کے مہینے میں امپورٹ بل 47 فیصد بڑھنا معاشی تباہی کے اشارے ہیں، گزشتہ مالی سال کے 3.7 ارب ڈالر کے مقابلے میں گزشتہ ماہ 5.4 ارب ڈالر امپورٹس ہوئیں۔

صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ عوام پر ہر ماہ اور ہر ہفتے مہنگائی کی قیامت ڈھانے والے مزید اور کتنا ظلم کرنا چاہتے ہیں، ظلم کے اس نظام کے خلاف عوام کا لاوہ پک رہا ہے، پھٹا تو کوئی نہیں بچے گا، گاڑیوں کی ریکارڈ فروخت کو معاشی بحالی قراردینا اس حکومت کا عام آدمی کے لئے بے حس ہونے کا ثبوت ہے، حکومتی پالیسیوں نے غریب عوام کو فاقوں پر مجبور کردیا ہے جن کی زندگی شدید ترین مہنگائی نے جہنم بنا دی ہے، حکمرانوں کے دل میں غریب عوام کے لئے نہ کوئی رحم ہے اور نہ ذہن میں زرا سا احساس ہے۔