پنجاب بھر کے مختلف اضلاع میں ڈور ٹو ڈور ویکسی نیشن مہم شروع کردی گئی

سیالکوٹ، گجرات، سرگودھا سمیت مختلف اضلاع میں ویکسینیشن مہم14 اگست تک جاری رہے گی، محرم میں عزاداروں کی ویکسینیشن بھی کی جائے گی، پنجاب میں ایک کروڑ77لاکھ 17ہزار افراد کی ویکسی نیشن ہوچکی۔ سیکرٹری صحت سارہ اسلم

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 4 اگست 2021 21:43

پنجاب بھر کے مختلف اضلاع میں ڈور ٹو ڈور ویکسی نیشن مہم شروع کردی گئی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 اگست2021ء) سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ  کیئرکی خصوصی کاوشوں سے صوبہ بھر میں ویکسینیشن مہم کامیابی سے اپنے اہداف حاصل کرنے کی طرف گامزن ہے۔ کامیابی کا تناسب اور ویکسین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیشِ نظر سیکرٹری صحت، سارہ اسلم نے خصوصی ویکسینیشن مہم *ڈور ٹو ڈور سوشل موبیلائزیشن* میں مزید 3 اضلاع کو شامل کرنے کا اعلان کر دیا۔

نئے شامل ہونے والے اضلاع میں سیالکوٹ، گجرات اور سرگودھا شامل ہیں۔ ان اضلاع میں خصوصی ویکسینیشن مہم کو 2 تا 13 اگست تک جاری رکھا جائے گا۔ صوبہ بھر میں کورونا کی بڑھتی ہوئی صورتحال کے پیشِ نظر مختلف سیکٹرز کے لئے  اسپیشل ایس او پیز جاری کر دیئے ہیں۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر سارہ اسلم کی جانب سے خصوصی  کرونا وائرس ویکسینیشن مہم کا آغاز ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب بھر میں ویکسینیشن کا ایک نیا ریکارڈ،  روزانہ کی بنیاد پر مسلسل  ریکارڈ ویکسینیش ہو رہی ہے۔ اس وقت مجموعی طور پر 662 ویکسینیشن سینٹرز کام کر رہے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں 627,487  افراد کو ویکسین لگائی گئی۔یہ کسی بھی صوبے میں کسی بھی ایک دن میں  لگائی گئی ویکسینیشن کا اب تک کا  سب سے بڑا ریکارڈ ہے - مسلسل سات دنوں سے 5 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔

صوبہ بھر میں  مجموعی  طور پر 17,717,581  شہریوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ لاہور میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 82,764 شہریوں کو ویکسین لگائی گئی۔لاہور میں بھی آج لگائی گئی ویکسین کی تعداد اب تک کسی بھی ایک دن کی ویکسینیشن کا سب سے بڑا ریکارڈ ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  صوبہ بھر  سے 934 کیسز رپورٹ ہوئے۔ اب تک کیسز کی کل تعداد 359،321 ہو چکی ہیں۔

اب تک صوبہ بھر میں 333،882 مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں اور ایکٹیو کیسز کی تعداد 14،337 رہ گئی۔ لاہور میں 5 اموات سمیت صوبہ بھر میں ٹوٹل 21 اموات رپورٹ ہوئی ہیں  جبکہ کل اموات کی تعداد 11،102 ہو چکی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 20،569 جبکہ مجموعی طور پر 6،235،212 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور  میں 455، راولپنڈی  میں 190، فیصل آباد میں 42، ملتان میں 36, بھکر میں 25، سیالکوٹ میں 24، گجرانوالہ میں 18، بہاولپور اور سرگودھا میں 17 سترہ،  حافظ آباد میں 16, شیخوپورہ میں 13، راجن پور میں 12، رحیم یار خان میں 11، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 9 اور ڈیرہ غازی خان میں 8، جہلم میں 6، جھنگ میں 5 جبکہ قصور اور خانیوال میں 4 چار کیسز رپورٹ ہوئے۔

گزشتہ روز صوبہ بھر کے تمام شہروں میں کرونا کی مجموعی مثبت شرح 4.5 ریکارڈ کی گئی۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں مثبت شرح 5.8، راولپنڈی میں 17.1, فیصل آباد میں 14.6 اور ملتان میں 4.2 مثبت شرح ریکارڈ کی گئی۔ اس بارے میں بات کرتے ہوئے سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ سارہ اسلم کا کہنا تھا  کہ،''پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ تشویش ناک ہے۔

اس طرح کے وبائی حالات میں  صرف اور صرف  ویکسینیشن ہی  کورونا کےخلاف واحد اور موثر علاج ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ،''  شہریوں کی ایک بڑی تعداد کا ویکسینیشن مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا خوش آئیند ہے۔ صوبے بھر میں کہیں بھی ویکسینیشن کی کوئی کمی نہیں ہے تمام سینٹرز پر  ویکسین کا وافر سٹاک موجود ہے جبکہ مستقبل کی ضروریات پورا کرنے کے لئیمزید ویکسین کا آرڈر بھی دیا جا چکا ہے۔ شہریوں سے درخواست ہے کہ  18 سال سے زیادہ عمر  کے تمام افراد فوری طور پر ویکسینیشن لگوائیں اور ایس او پیز پر عمدرآمد یقینی بنائیں  تاکہ ہم معمول کی زندگی کی طرف لوٹ سکیں ''۔