بلوچستان یونیورسٹی کی خالی آسامیوں کیلئے پانچ ہزار فیس بے روزگار اور نان شبینہ کے محتاج افراد پر بوجھ ہے،جمعیت علما ء اسلام ضلع کوئٹہ

جمعرات 5 اگست 2021 00:07

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 اگست2021ء) جمعیت علما ء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد جنرل سیکریٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ مولانا محمد ایوب مفتی عبد السلام ریئسانی مولانا محمد اشرف جان ڈپٹی جنرل سیکریٹری حافظ مسعود احمد سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد حافظ سراج الدین سیکرٹری مالیات میرسرفراز شاہوانی ایڈووکیٹ حاجی قاسم خان خلجی سالار حافظ مجیب الرحمن ملاخیل مولانا سید سعداللہ آغا اور دیگر نے کہا کہ بلوچستان یونیورسٹی کی خالی آسامیوں کیلئے پانچ ہزار فیس بے روزگار اور نان شبینہ کے محتاج افراد پر بوجھ ہے اس مہنگائی اور بے روزگاری کے دور میں ابتدائی درخواست کی وصولی پر لاکھوں روپے انتظامیہ کے اکاونٹ میں جمع ہوچکے ہیں جو مخصوص افراد کی کرپشن کے نظر ہو جائیں گے اس سلسلے میں بلوچستان ہائی کورٹ نے پچھلی سماعت میں یونیورسٹی کو حکم دیا تھا کہ ملازمین کو پرموشن دے دوسری جانب گزشتہ مہینوں کی تنخواہیں دینے سے قاصر رہنے والی انتظامیہ نے مزید آسامیاں مشتہر کردی ہیں اس سے قبل ملازمین کے احتجاج کے پریشر میں 37کروڑ کا قرض لے کر بھی اساتذہ اورملازمین کو سہولیات فراہم نہیں کی گئیں جوکہ اس صوبے کے ساتھ بہت بڑا ظلم ہے انہوں نے کہا کہ تعلیم کی بہتری کے دعویدار صوبے کی واحد بڑی یونیورسٹی کے ساتھ یہ ناروا سلوک اور مذاق بند کیاجائے انہوں نے کہا کہ ایک تو نااہل حکومت گزشتہ تین سال سے بلوچستان کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار نہ دے سکی بلکہ ان کو مختلف طور اور طریقوں سے ذلیل کیا گیا وہ اعلی تعلیم کی ڈگریاں لے کر در بدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں مگر نااہل صوبائی حکومت خواب خرگوش میں سوئی ہے دریں اثنا جمعیت علما اسلام الیکشن کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت صوبائی جوائنٹ سیکرٹری مولانا خورشید احمد منعقد ہوا جس میں کمیٹی اراکین کے ساتھ کنٹونمنٹ بورڈ کے نامزد امیدواروں نے بھی شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا خورشید احمدنے کہا کہ عوام کی خدمت کیلئے مخلص امیدوار کوووٹ دینا ہی انصاف ہے اس حوالے سے جمعیت کے فعال اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار امیدواروں کی کامیابی کیلئے دن رات محنت کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کوئٹہ ہم سب کا مشترکہ گھر ہے اس کے ہر کونے گلی کوچہ کو صاف کرنا ہمارا دینی وسماجی فریضہ ہے انہوں نے کہا کہ بعض لوگ الیکشن میں حصہ اس لیئے لیتے ہیں کہ وہ اپنا گھراور اپنی ذات کو آباد کریں لیکن جمعیت علما اسلام نے ہر دور میں عوام کی بے مثال خدمت کو شعار بنایا ہے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے تمام علاقے اس وقت گوں نا گوں مسائل کا شکار ہیں اس پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے اگر عوام کی تائید و حمایت سے جمعیت کنٹونمنٹ بورڈ کے امیدواروں کو موقع ملا تو بلاتفرق عوامی خدمت کی مثال قائم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گی