محکمہ واسا نے کوئٹہ کے رحمت کالونی میں آٹھ سال بعد پائپ لائنوں کی مرمت کرکے پانی کا مسئلہ حل کردیا

بدھ 4 اگست 2021 23:05

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2021ء) محکمہ واسا نے کوئٹہ کے رحمت کالونی میں آٹھ سال بعد پائپ لائنوں کی مرمت کرکے پانی کا مسئلہ حل کردیا۔ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر واسا و پی ایچ ای حامد لطیف رانا نے بتایا کہ کوئٹہ کے علاقے رحمت کالونی کے مکینوں کو گزشتہ آٹھ سالوں سے پانی کا مسئلہ درپیش تھا گزشتہ روز محکمہ کے عملے نے رحمت کالونی میں خستہ حال پائپ لائنوں کی مرمت کرکے آٹھ سالوں سے جاری پانی کا مسئلہ حل کردیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان ، صوبائی وزیر پی ایچ ای واسا نور محمد دومڑ اور صوبائی سیکرٹری پی ایچ ای ،واسا صالح محمد ناصر کی ہدایات پر کوئٹہ کے شہریوں کو بلاتعطل پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔ انہوںنے بتایا کہ کوئٹہ شہر کے غیر فعال ٹیوب ویلز کو فعال کردیا گیا ہے جہاں سے لوگوں کوپینے کا صاف پانی فراہم کیا جارہا ہے انہوں نے بتایا کہ جلد کوئٹہ شہر میں پانی کی قلت ختم کرکے شہریوں کو ان کی دہلیز پر پینے کا صاف پانی فراہم کرنے میں کامیاب ہوں گے۔