چین نے پاکستان کو 15 ارب ڈالرز کے میگا منصوبے کی پیش کش کر دی

توانائی کے شعبہ سے وابستہ مختلف چینی کمپنیوں نے پاکستان کی سب سے بڑی آئل ریفائنری کی تعمیر میں دلچسپی کا اظہار کر دیا

muhammad ali محمد علی بدھ 4 اگست 2021 23:45

چین نے پاکستان کو 15 ارب ڈالرز کے میگا منصوبے کی پیش کش کر دی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 اگست2021ء) چین نے پاکستان کو 15 ارب ڈالرز کے میگا منصوبے کی پیش کش کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سی پیک کے تحت پاکستان میں 60 ارب ڈالرز سے زائد کی سرمایہ کاری کے بعد اب چین نے پاکستان میں مزید اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس مرتبہ چین کا نجی شعبہ پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری میں دلچسپی دکھا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق کچھ چینی کمپنیاں پاکستان کے توانائی کے شعبہ میں سرکاری کاری کرنے کی خواہاں ہے۔ توانائی کے شعبہ سے وابستہ مختلف چینی کمپنیوں نے پاکستان کی سب سے بڑی آئل ریفائنری کی تعمیر میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ چینی کمپنیاں پاکستان کی سب سے بڑی آئل ریفائنری کی تعمیر کیلئے مشترکہ طور پر 15 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے کیلئے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کے توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی خواہاں 2 چینی کمپنیوں کا نام سامنے آیا ہے، ایک کمپنی کا نام چائنا پٹرولیم پائپ لائن اینجینئرنگ کمپنی جبکہ دوسری کمپنی کا نام چائنا ژن ہوا امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ کارپوریشن ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ مذکورہ چینی کمپنیوں نے پیش کش کی ہے کہ 15 ارب ڈالرز کی لاگت سے 4 سال کے عرصے کے دوران آئل ریفائنری کی تعمیر ممکن ہے، یہ ریفائنری سی پیک کے تحت قائم کیے جانے والے 9 اسپیشل اکنامک زونز میں سے کہیں بھی تعمیر کی جا سکتی ہے۔

تاہم چینی کمپنیوں کی اس پیش کش کے حوالے سے حکومت پاکستان کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل نہیں دیا گیا۔ واضح رہے کہ 2 سال قبل سعودی عرب نے بھی پاکستان کے ساحلی شہر گوادر میں 12 ارب ڈالرز سے زائد کی لاگت سے آئل ریفائنری تعمیر کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم 2 سال سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود سعودی ولی عہد کے اعلان کردہ آئل ریفائنری منصوبے کی تعمیر کا آغاز نہ ہو سکا۔