ریپ کے مجرمان کو سرعام لٹکایا جائے

سب کے سامنے سزا ملے گی تو واقعات میں کمی آئے گی، مجرمان کے دلوں ميں خوف پيدا ہوگا، علمائے کرام نے ریپ کے مجرمان کو شریعت کے مطابق سزا دینے کا مطالبہ کر دیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 5 اگست 2021 00:37

ریپ کے مجرمان کو سرعام لٹکایا جائے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 اگست2021ء) علمائے کرام نے ریپ کے مجرمان کو شریعت کے مطابق سزا دینے کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے علمائے کرام جنسی زیادتی جیسے گھناونے جرم میں ملوث مجرمان کو عبرت کا نشان بنوانے کیلئے میدان میں آگئے ہیں۔ علمائے کرام کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ جنسی زیادتی جیسے گھناونے جرم میں ملوث ہر مجرم کو شریعت کے مطابق سزا دی جائے۔

یہ ضروری ہے کہ ریپ کے مجرمان کو سرعام لٹکایا جائے، سب کے سامنے سزا ملے گی تو واقعات میں کمی آئے گی جبکہ مجرمان کے دلوں ميں خوف پيدا ہوگا۔ یہاں واضح رہے کہ ملک میں گزشتہ چند ماہ کے دوران رپورٹ ہونے والے جنسی زیادتی کیسز کی شرح میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ لاہور میں موٹروے زیادتی کیس کے بعد ملک بھر میں عوام نے ایک مہم شروع کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ جنسی زیادتی ملزمان کو سرعام پھانسی یا سخت ترین سزائیں دی جائیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم اور کئی وزراء نے بھی اس مطالبے کی حمایت کی۔ عوامی مہم کے نتیجہ میں جنسی زیادتی کے بڑھتے واقعات کی روک تھام کیلئے وفاقی کابینہ نے’’کسٹریشن قانون‘‘ فوری نافذ کرنے کی منظوری دے دی تھی۔ جبکہ عوامی سطح پر چلائی جانے والی مہم کے بعد کچھ ماہ قبل ہی سانحہ موٹروے میں ملوث ملزمان کو سزائے موت سنا دی گئی تھی۔ ان اقدامات کے بعد بھی کوئی ایسا دن نہیں گزرتا جب ملک میں جنسی زیادتی کے افسوسناک واقعات رپورٹ نہ ہوں۔

خواتین کے علاوہ بچوں کیساتھ جنسی زیادتی کے واقعات کے اعداد و شمار بھی خوفناک صورتحال کی جانب اشارہ کرتے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق سال 2020ء میں گذشتہ سالوں کی بنسبت معصوم بچوں کے ساتھ بد فعلی اور جنسی زیادتی کے واقعات میں ہوشربا اضافہ ہوا۔ اس تمام صورتحال میں عوام کا مطالبہ ہے کہ سخت ترین سزاوں کیلئے موثر ترین قانون سازی اور پھر قوانین کا ہر حال میں اطلاق ہی جنسی زیادتی جیسے گھناونے جرم کی روک تھام میں مدد دے سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :