سعودی عرب میں متعدد بھارتی چرواہوں کو گرفتار کر لیا گیا

ماحولیاتی قانون سے متعلق سپیشل فورسز کے مطابق ممنوعہ مقامات پر اُونٹ، بکریان چرانے پر بھارتی، سعودی اور سوڈانی شہریوں کو گرفتار کیا گیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 5 اگست 2021 11:06

سعودی عرب میں متعدد بھارتی چرواہوں کو گرفتار کر لیا گیا
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 اگست 2021ء) سعودی عرب میں ماحولیاتی قوانین پر عمل درآمد کرانے پر بہت زیادہ زور دیا جاتا ہے تاکہ سعودی عرب کا ایک صاف ستھرا اور بہترین امیج قائم رہ سکے اور مملکت میں سیاحت کو فروغ دینے میں بھی بڑی مدد ملے کیونکہ سعودی حکومت اب تیل کو آمدنی کے سب سے بڑے ذریعے سے انحصار ختم کر کے دیگر شعبوں کو بھی ترقی دی جا رہی ہے۔

اسی سوچ کے تحت مملکت میں سیاحتی اور تفریحی مقامات کو خوب فروغ دیا جا رہا ہے اور بہترین انفراسٹرکچر بھی قائم کیا جا رہا ہے۔ سعودیہ میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے بھی بہترین قوانین موجود ہیں جن کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جاتا ہے۔ سعودی عرب کی سپیشل فورس برائے تحفظ ماحولیات نے 16 افراد کو ماحولیاتی قانون کی خلاف ورزی پر گرفتار کر لیا ہے جن میں 9بھارتی اور سوڈانی باشندوں کے علاوہ 7 سعودی باشندے بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

سپیشل فورس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ مقامی اور غیر ملکی افراد ممنوعہ علاقوں میں اپنے جانوروں کو چرا رہے تھے جن کو چراگاہ کے طور پر استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ مجموعی طور پر ان افراد نے اپنے 345 اونٹوں اور 992 بکریوں کو ممنوعہ علاقے میں گھاس چرانے کے لیے بھیجا۔ ان کی اس خلاف قانون حرکت پر انہیں گرفتار کیا گیا اور ان پر جرمانہ بھی عائد ہوگا۔ماحولیاتی سپیشل فورس کے ترجمان رائد المالکی نے بتایا کہ ماحولیاتی قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے متعلق فوری اطلاع 996 اور 996 پر دی جا سکتی ہے۔ جبکہ مکہ اور ریاض میں 911 پر اس حوالے سے شکایات یا معلومات دی جا سکتی ہیں۔