لاہور میں اسمارٹ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کا آغاز

شہر بھر میں سینما ہالز، جمز ، پارکس اور مزارات بند کر دئے گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 5 اگست 2021 12:47

لاہور میں اسمارٹ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کا آغاز
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 اگست 2021ء) : صوبائی دارالحکومت لاہور میں اسمارٹ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کا آغاز ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت شہر بھر میں مزارات ، سینما ہالز، جمز اور پارکس بند کر دئے گئے ہیں۔ محکمہ صحت نے اس ضمن میں نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق 8 اگست سے شہر بھر میں شادی ہالز بھی بند ہو جائیں گے۔

ہفتہ اور اتوار کو تمام کاروبارہ مراکز بند رہیں گے۔ سرکاری اور نجی اداروں میں ملازمین کی حاضری 50 فیصد ہو گی۔ واضح رہے کہ کورونا کیسز کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر محکمہ صحت پنجاب نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔ یاد رہے کہ محکمہ صحت پنجاب نے لاہور کے تیرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا۔

(جاری ہے)

ان علاقوں میں علامہ اقبال ٹاؤن، عزیز بھٹی ٹاؤن،شالیمار ٹاؤن، گلبرگ، سمن آباد سمیت کینٹ کے کچھ علاقے شامل ہیں۔

سیکرٹری ہیلتھ سارہ اسلم نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے ذریعے 12 اگست تک آمدورفت کنٹرول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں مارکیٹس، دفاترز، ریسٹورانٹس بند رہیں گے۔ اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں تمام مذہبی ، سیاسی ، ثقافتی اور پرائیویٹ اجتماعات پر پابندی عائد ہوگی۔ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں میں صرف اشیائے ضروریہ سے متعلق کاروبار کھل سکیں گے۔

بڑے ڈیپارٹمنٹل اسٹورز میں گروسری اور فارمیسیز کھل سکیں گی۔ لاک ڈاؤن کے دوران ہسپتالوں، کلینکس ، لیبارٹریز کے اہلکاروں کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے وار جاری ہیں۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے مزید 60 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کے باعث اموات کی تعداد 23 ہزار 635 ہو گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری تازہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 5 ہزار 661 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 10 لاکھ 53 ہزار 660 ہو گئی۔ملک بھر میں کرونا وائرس کے نئے یومیہ کیسز کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کرگئی، مثبت کیسز کی شرح بھی 9 فیصد ہوگئی۔