کشمیر پر بین الاقوامی برادری کی خاموشی قابل مذمت ہے، شیری رحمان

کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ہے، عالمی برادری خاموشی توڑے اور کردار ادا کرے، نائب صدر پیپلزپارٹی

جمعرات 5 اگست 2021 13:16

کشمیر پر بین الاقوامی برادری کی خاموشی قابل مذمت ہے، شیری رحمان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2021ء) نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ کشمیر پر بین الاقوامی برادری کی خاموشی قابل مذمت ہے۔

(جاری ہے)

یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی کرفیو کو دو سال مکمل ہو گئے ہیں، مودی حکومت نے عملی طور پر کشمیر کو دنیا کا سب سے بڑا جیل بنایا ہوا ہے، 9 لاکھ سے زائد غاصب بھارتی فوج نے ریاسی طاقت کے زور پر معصوم کشمیریوں پر ظلم و جبر اور قتل و غارت کی نئی تاریخ رقم کی ہے،کشمیر پر بین الاقوامی برادری کی خاموشی قابل مذمت ہے۔

انہوںنے کہاکہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سب سے پرانا تنازعہ ہے، عالمی دنیا اقوام متحدہ اور سکیورٹی کونسل کی قراردادوں پر عمل نہیں کروا سکی ہے، کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ہے، عالمی برادری خاموشی توڑے اور کردار ادا کرے، کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر ہمیں مسلسل آواز اٹھانی چاہئے، پیپلز پارٹی ہمیشہ کی طرح آج بھی کشمیریوں کی آواز ہے اور ان کے ساتھ کھڑی ہے۔