5 اگست2019کو کشمیریوں کو دھوکہ دیا گیا، محبوبہ مفتی

جمعرات 5 اگست 2021 13:47

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدرمحبوبہ مفتی نے 5 اگست کو ’’ یوم سیاہ ‘‘قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 2019 میں اس دن نہ صرف جموں و کشمیر کے لوگوں کو دھوکہ دیا گیا بلکہ مسئلہ کشمیر کو مزید پیچیدہ بنایا گیا اور سیاسی عمل کو دہائیوں پیچھے لے جایا گیا۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے ایک بیان میں کہا کہ 5 اگست2019 کوبھارت کے جمہوری اور آئینی نظام کی توڑ پھوڑ کی گئی اور جموں و کشمیر کے لوگوں اور بھارت کے تمام جمہوریت پسندوں کے اعتماد کو دھوکہ دیا گیا۔ انہوںنے کہا کہ یہ وہ دن ہے جب ملک سے جھوٹ بولا گیا اور اعلیٰ ترین اداروں کا غلط استعمال کیا گیا۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ اس روز کشمیریوں کو ان کی شناخت اور حقوق سے محروم کر دیا گیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ کو ابھی تک وقت نہیں ملا ہے کہ وہ جموں وکشمیر کے ری آرگنائزیشن ایکٹ کی قانونی اور آئینی جواز کو چیلنج کرنے والی درخواستوں پر کارروائی کرے۔