مقبوضہ جموںوکشمیر:بھارتی پولیس اہلکار تالے توڑ کر دکانیں کھول رہے ہیں

جمعرات 5 اگست 2021 13:47

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں سرینگر میں تاجروں نے کہا ہے کہ بھارتی پولیس نے انہیں سخت ڈرایا دھمکایا ہے کہ وہ آج ہڑتال نہ کریں اور اپنی دکانیں کھلی رکھیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر کے لالچوک اور دیگر علاقوں میں دکانداروں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ بھارتی فورسز اہلکاروں نے ان سے کہا ہے کہ وہ آج اپنی دکانیں ہرگز بند نہیں رکھیں۔

بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ ایک دکاندار کا کہنا تھا کہ پولیس نے بازار کے صدر کو سختی سے ہدایت کر دی ہے کہ آج کوئی بھی دکاندار اپنی دکان بند نہ رکھے اور اگر کوئی ایسا نہیں کرگا تو اس کے نتائج کا ذمہ دار خود ہو گا۔

(جاری ہے)

عینی شاہدین نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ بھارتی پولیس اہلکار سرینگر کے علاقے لالچوک، مہاراج بازار اور دیگر علاقوں میں دکانوںکے تالے توڑرہے ہیں اور دکانداروںکو دکانیں کھولنے پر مجبور کر رہے ہیں۔

جنوبی قصبے اسلام آباد میں بھی بھارتی پولیس اہلکار دکانوں کے تالے توڑ کر انہیں کھول رہے ہیں۔ یاد رہے کہ کشمیری نریندر مودی کی فسطائی حکومت کے پانچ اگست2019کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف آج یوم سیاہ منارہے ہیں ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے آج مقبوضہ علاقے میں ہڑتال کی کال دے رکھی ہے۔