میرپور میں یوم استحصال کشمیر منایا گیا‘ ضلع کچہری سے احتجاجی ریلی نکالی گئی

ساری کشمیری قوم اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حق خودارادیت کے حصول کے لیے متحدہے اور آزادی کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی‘مقررین

جمعرات 5 اگست 2021 13:47

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2021ء) وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان کی اپیل پر میرپور میں یوم استحصال کشمیر منایا گیا۔یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ضلع کچہری سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ریلی میں سیاسی، سماجی مذہبی جماعتوں، وکلاء، صحافیوں انجمن تاجراں، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، جریدہ و غیر جریدہ سرکاری ملازمین،سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔

ریلی کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل چوہدری حق نوازاور اسسٹنٹ کمشنر منیر احمد قریشی نے کی ۔ ایم ایس ڈاکٹر فاروق احمد نور، چیف آفیسر بلدیہ چوہدری ارشد،چیف آفیسر ضلع کونسل اشفاق احمد نور،تحصیلدار سید کلیم عباس، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سماجی بہبود ملک محمد نثار، اسسٹنٹ ڈائریکٹرریسکیو1122 ملک محمد آصف، ایکسین بلدیہ امتیاز بٹ، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر اعجازاحمدقمر، انجمن تاجراں کے سہیل شجاع مجاہد،آصف ڈار،چیمبرآف کامرس کے جنرل سیکرٹری ،انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک، ایڈمن آفیسر چوہدری طارق محمود، نائب تحصیلدار آصف منیر،لبریشن سیل کے راجہ خالدمحمود سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والوں نے احتجاجی ریلی میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

شرکاء ریلی ہے حق ہمارا آزادی، ہم چھین کے لیں گے آزادی، بھارتی غاصبو چھوڑ دو کشمیر کو،تحریک آزادی کشمیر زندہ باد ،بھارتی حکومت مردہ بادکے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔جن پر بھارت کی طرف سے 05 اگست 2019 کو کشمیر کی حیثیت کے خاتمے اور 732 یوم سے مسلسل کشمیریوں کوان کے گھروں میں قید و بندکیاگیاکی مذمتی تحریریں درج تھیں۔

ریلی ضلع کچہری، میاں محمد روڈ سے ہوتی ہوئی چوک شہیداں پہنچی جہاںٹھیک 9 بجے سائرن بجائے گئے، ہر قسم کی ٹریفک رک گئی اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کر کے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔احتجاجی ریلی میں سینئر صحافی الطاف حمید راو نے مختلف قراردادیں پیش کیں جن میںبھارت کی طرف سے آرٹیکل 370 اور 35A کے خاتمہ سے کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور مسلم اکثریت کی آبادی کے تناسب کوتبدیل کرنے کی گھنائونی سازش کی پرزورمذمت کی گئی۔

ایک اور قرارداد میں 05 اگست 2019 سے تاحال مختلف مقامات پرمسلسل کرفیوکے نفاذ سے ریاست جموںوکشمیرکوبدترین جیل میں تبدیل کرنے جیسے غیرانسانی فعل کی بھی بھرپورمذمت کرتے ہوئے اقوام عالم بالخصوص بین الاقوامی طاقتوں سے مطالبہ کیاگیاکہ وہ بھارتی مظالم کے خلاف اپناکرداراداکریں۔ ایک اور قرارداد میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیاگیاکہ وہ کشمیریوں کوان کے پیدائشی اورمسلمہ حق خودارادیت دلوانے کے لیے ممکنہ اقدامات بروئے کارلائے جس کاوعدہ اقوام متحدہ کی قراردادوں میں کیاگیاہے۔

ایک اور قرارداد میں ہندوستان کی طرف سے بھارتی غیرقانونی مقبوضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، کالے قوانین، پرامن شہریوں پرتشدد، گرفتاریوں اور پیلٹ گن کے ذریعے پرامن مظاہرین کوبصارت سے محروم کرنے جیسے انسانیت سوز مظالم کی بھرپورمذمت کی گئی۔ ایک اور قرارداد میں حریت کانفرنس کے قائدین کی نظربندیوں/گرفتاریوں اور حق خودارادیت کی جدوجہد کرنے والے عام شہریوں پرمقدمات کرنے اور ان کوپابند سلاسل کرنے کے ساتھ ساتھ اعلیٰ تعلیم یافتہ کشمیری نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ جیسے مسلسل اندوہناک واقعات کی بھرپورمذمت کی گئی۔

ایک اور قرارداد میں اس عزم کااظہارکیاگیاکہ ساری کشمیری قوم اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حق خودارادیت کے حصول کے لیے متحدہے اور آزادی کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ریلی کے اختتام پرشہداء کشمیر،شہداء پاکستان، شہداء پاک افواج، مقبوضہ کشمیرکی جلد آزادی ، پاکستان کی سلامتی، ترقی ،خوشحالی اور افواج پاکستان کی سربلندی کے لیے دعاکی گئی۔