پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار کا جرمنی کی بندرگاہ ہیمبرگ پہنچنے پر پرتپاک استقبال

مشن کمانڈر کی جہاز کے کمانڈنگ آفیسر کے ہمراہ میزبان بحری حکام سے اہم ملاقاتیں ،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

جمعرات 5 اگست 2021 15:00

پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار کا جرمنی کی بندرگاہ ہیمبرگ پہنچنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2021ء) پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار کا جرمنی کی بندرگاہ ہیمبرگ پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا ۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق بندرگاہ آمد پر میزبان بحریہ اور پاکستانی سفارتی حکام نے پاک بحریہ کے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مشن کمانڈر نے جہاز کے کمانڈنگ آفیسر کے ہمراہ میزبان بحری حکام سے اہم ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مشن کمانڈر نے امیرالبحر کی جانب سے جرمنی کے عوام بالخصوص جرمن بحریہ کیلئے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق قبل ازیں مشن کمانڈر اور کمانڈنگ آفیسر نے نیول یادگار کا دورہ کیا اور پھول چڑھائے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق پاکستان اور جرمنی کے سفارتی تعلقات کے ستر سال مکمل ہونے کی مناسبت سے پاک بحریہ کے جہاز پر تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں جرمن حکومت اور بحریہ کے اعلی حکام اور سفارتی شخصیات نے شرکت کی۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ہیمبرگ آمد سے قبل پی این ایس ذوالفقار نے پولینڈ بحریہ کے جہاز ’’کورموران‘‘ کے ہمراہ بحیرہ بالٹک میں مشترکہ بحری مشق میں بھی حصہ لیا،مشق کے دوران مختلف بحری آپریشنز کا مظاہرہ کیا گیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے جہاز کا جرمنی کا دورہ اور پولینڈ بحریہ کے ساتھ مشترکہ مشق میں شرکت دوست ممالک کی بحری افواج کے ساتھ مضبوط تعلقات کا عکاس ہے۔

متعلقہ عنوان :