لاہور سمیت پنجاب میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران اسکولز کھولنے کا معاملہ

پنجاب بھر میں سرکاری اسکولز ہفتے کے روز کُھلیں رہیں گے۔ محکمہ تعلیم پنجاب

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 5 اگست 2021 15:13

لاہور سمیت پنجاب میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران اسکولز کھولنے کا معاملہ
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 اگست 2021ء) : لاہور سمیت پنجاب میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران اسکولز کھولنے کے معاملے پر محکمہ تعلیم پنجاب نے بیان دے دیا۔ محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پنجاب بھر میں سرکاری اسکولز ہفتے کے روز کُھلیں رہیں گے۔ سرکاری اسکولوں میں نصف تعداد میں طالبعلم پڑھنے کے لیے آئیں گے۔ محکمہ تعلیم پنجاب کے مطابق پرائیویٹ اسکولز ہفتہ کو بند ہوتے ہیں۔

پرائیویٹ اسکول مالکان اپنی مرضی سے اسکول کھولنا چاہیں تو کُھلے رکھ سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں اسمارٹ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کا آغاز ہو گیا ہے۔ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت شہر بھر میں مزارات ، سینما ہالز، جمز اور پارکس بند کر دئے گئے ہیں۔ محکمہ صحت نے اس ضمن میں نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق 8 اگست سے شہر بھر میں شادی ہالز بھی بند ہو جائیں گے۔

ہفتہ اور اتوار کو تمام کاروبارہ مراکز بند رہیں گے۔ سرکاری اور نجی اداروں میں ملازمین کی حاضری 50 فیصد ہو گی۔ واضح رہے کہ کورونا کیسز کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر محکمہ صحت پنجاب نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔ یاد رہے کہ محکمہ صحت پنجاب نے لاہور کے تیرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا۔ ان علاقوں میں علامہ اقبال ٹاؤن، عزیز بھٹی ٹاؤن،شالیمار ٹاؤن، گلبرگ، سمن آباد سمیت کینٹ کے کچھ علاقے شامل ہیں۔

سیکرٹری ہیلتھ سارہ اسلم نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے ذریعے 12 اگست تک آمدورفت کنٹرول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں مارکیٹس، دفاترز، ریسٹورانٹس بند رہیں گے۔ اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں تمام مذہبی ، سیاسی ، ثقافتی اور پرائیویٹ اجتماعات پر پابندی عائد ہوگی۔ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں میں صرف اشیائے ضروریہ سے متعلق کاروبار کھل سکیں گے۔ بڑے ڈیپارٹمنٹل اسٹورز میں گروسری اور فارمیسیز کھل سکیں گی۔ لاک ڈاؤن کے دوران ہسپتالوں، کلینکس ، لیبارٹریز کے اہلکاروں کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔