وزیراعظم نے رحیم یار خان میں مندر پر ہونے والے حملے کا نوٹس لے لیا

وزیراعظم عمران خان کا متعلقہ واقعے کی تحقیقات کا حکم، ملوث ملزمان کی گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 5 اگست 2021 15:17

وزیراعظم نے رحیم یار خان میں مندر پر ہونے والے حملے کا نوٹس لے لیا
رحیم یار خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اگست2021ء) وزیراعظم عمران خان نے رحیم یار خان میں مندر پر ہونے والے حملے کا نوٹس لے لیا۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز رحیم یار خان میں 2 گروپوں کے درمیان ہونے والے جھگڑے کے بعد علاقے میں واقع قدیم مندر حملے کے بعد نذر آتش کر دیا گیا۔ کشیدہ صورتحال کنٹرول کرنے کیلئے علاقے میں پولیس اور رینجرز کو بھی طلب کیا گیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے اس واقعے نوٹس لے لیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم آفس نے اس افسوسناک واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔وزیراعظم نے ضلعی انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ متعلقہ واقعے کی تحقیقات کی جائے۔اور اس میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

(جاری ہے)

شہباز گل نے مزید کہا کہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کو مکمل اجازت اور تحفظ فراہم کرتا ہے کہ وہ آزادانہ طریقے سے اپنی عبادات کر سکیں۔واضح رہے کہ پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد میں بدھ کی رات کو تشویش ناک واقعہ پیش آیا جب صادق آباد میں واقع ایک قدیم مندر پر مشتعل افراد نے حملہ اور توڑ پھوڑ کے بعد مندر کو نذر آتش کر دیا،2 گروپوں کے درمیان ہونے والا جھگڑا مذہبی رنگ اختیار کر گیا تھا جس کے بعد ایک گروپ کے مشتعمل افراد نے علاقے میں واقع ہندوں کے قدیم مندر پر دھاوا بول دیا۔

جبکہ علاقے میں کشیدگی کی وجہ سے ایم 5 موٹروے بھی بند کر دی گئی۔وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ یہ واقعہ آئین پاکستان اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزارت انسانی حقوق گذشتہ روز سے رحیم یار خان پولیس کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ ملزمان کے خلاف ایکشن کو یقینی بنایا جا سکے۔