حسن احمد خان کودُبئی میں پاکستانی قونصل جنرل تعینات کر دیا گیا

حسن احمد خان سفارتی معاملات کا 19 سالہ وسیع تجربہ رکھتے ہیں، اس سے قبل پاکستانی وزارت خارجہ میں بطور ڈائریکٹر جنرل تعینات تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 5 اگست 2021 15:46

حسن احمد خان کودُبئی میں پاکستانی قونصل جنرل تعینات کر دیا گیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 اگست 2021ء ) متحدہ عرب امارات میں 16 لاکھ سے زائد پاکستانی روزگار، رہائش اور تعلیمی سرگرمیوں کے سلسلے میں مقیم ہیں۔ سعودی عرب کے بعد امارات اوور سیز پاکستانیوں کا دوسرا بڑا ملک ہے۔ یہاں مقیم پاکستانیوں کو ویزہ، پاسپورٹ، شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات کے سلسلے میں اکثر سفارت خانے اور قونصل خانے سے رابطہ رکھنا پڑتا ہے۔

اسی وجہ سے امارات میں انتہائی مستعد سفارتی عملہ تعینات کیا جاتا ہے جو پاکستانیوں کو درپیش مسائل کا فوری طور پر حل نکالنے کے لیے فعال رہتے ہیں۔ خلیج ٹائمز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دُبئی میں قائم پاکستانی قونصلیٹ میں تعینات احمد امجد علی اپنی ذمہ داریوں سے سبکد وش ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ حسن احمد خان نے قونصل جنرل کا چارج سنبھال لیا ہے۔

(جاری ہے)

حسن احمد خان 19 سالہ وسیع تجربہ رکھنے والے سفارت کار ہیں۔ جنہوں نے پاکستانی وزارت خارجہ کے ماتحت کئی ممالک میں خدمات انجام دی ہیں۔ حسن احمد خان نے گزشتہ روز اماراتی وزارت برائے خارجہ امور و بین الاقوامی تعاون میں ڈپٹی ڈائریکٹر راشد القصیرسے ملاقات کی۔ ال قصیر نے حسن احمد خان کو خوش آمدید کہا اور انہیں نئی ذ مہ داری پر مبارک باد دی۔

جبکہ خان نے ال قصیر کو اپنی بطور قونصل جنرل تعیناتی کی دستاویزات پیش کیں۔ پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے اس حوالے سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ وسیع سفارتی تجربے کے حامل حسن احمد خان نے پاکستانی قونصلیٹ میں بطور پاکستانی قونصل جنرل اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ پریس ریلیز میں مزید بتایا گیا ہے کہ بطور قونصل جنرل تعیناتی سے قبل حسن احمد خان پاکستانی وزارت خارجہ کے اسلام آباد میں واقع ہیڈ کوارٹر میں بطور ڈائریکٹر جنرل اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔