آج کے دن دو سال پہلے کشمیریوں کے خلاف بھارتی بربریت اور ظلم نے ایک شکل اختیار کی تھی جسے دنیا کے سامنے لانے اور کشمیریوں سے یکجہتی کے اظہار کے لئے ہم سب کو متحد ھو کر آواز بلند کرنی چاھئے،ڈپٹی کمشنر بابر بشیر

Abdul Wahab Khalid عبدالوہاب خالد جمعرات 5 اگست 2021 16:11

آج کے دن دو سال پہلے کشمیریوں کے خلاف بھارتی بربریت اور ظلم نے ایک شکل ..
ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اگست2021ء) یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ساہیوال آرٹس کونسل نے  تحصیل کونسل ھال میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا جس میں ڈپٹی کمشنر  بابر بشیر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شیر افگن، ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود فریدی، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز شباب فاطمہ اور معروف سکالر سید اسامہ بخاری نے شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آج کے دن دو سال پہلے کشمیریوں کے خلاف بھارتی بربریت اور ظلم نے ایک شکل اختیار کی تھی جسے دنیا کے سامنے لانے اور کشمیریوں سے یکجہتی کے اظہار کے لئے ہم سب کو متحد  ھو کر آواز بلند کرنی چاھئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی اور کشمیری عوام یک جان اور دو قالب ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے لیکن انڈیا نے اپنے ناپاک عزائم کے لئے کشمیر کو گزشتہ دو سال سے جیل بنا رکھا ہے۔

بھارت نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کرکے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رکھا ھوا ھے جس کا عالمی برادری نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان  قدرت کا تحفہ ہے اس کے لئے ہماری افواج نے بہت قربانیاں دی ہیں لہذا ہمیں چاہئے کہ اس کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنا اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ تقریب سے خطاب کرتے ھوئے ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی نے کہا کہ عالمی برادری کشمیریوں کو حق خود آرادیت دلانے میں اپنی اخلاقی ذمہ داری ادا کریں ۔