محر م الحرام کا جامع سیکیورٹی پلان مرتب کیا جائے،آئی جی اسلا م آباد

تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں محرم الحرام کی سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 5 اگست 2021 16:21

محر م الحرام کا جامع سیکیورٹی پلان مرتب کیا جائے،آئی جی اسلا م آباد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اگست2021ء) تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں محرم الحرام کی سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی آئی جیز،اے آئی جیز،ایس ایس پیز، ایڈیشنل ایس پی اور زونل ایس پیز نے شرکت کی ،اجلاس میں محرم الحرم کے دوران امام بارگاہوں میں منعقد ہونے والی مجالس کے دوران کئے جانے والے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیاگیا.
    آئی جی اسلام آباد نے ڈی آئی جی آپریشنز کو تمام تر سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی خو د کر نے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے حوالے سے جامع سیکیورٹی پلا ن مرتب کیا جائے ،یکم محرم الحرام سے ضلع بھر کی تمام امام بارگاہوں پر مجالس کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں، حساس قسم کی امام باگاہوں پر سی ٹی ڈی کے جوان تعینات کئے جائیں،کورونا کے حوالے سے جاری کردہ حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنا یا جائے، مجالس کے دوران ڈیوٹی پر مامور رضاکاروں سمیت پولیس کے افسران و جوانوں کو بھی سپیشل کارڈز جاری کیے جائیں ،امام بارگاہوں میں ہر قسم کے ٹریفک کی داخلے پر پابند ی عائد کی جائے اور ان کے اردگرد خار دار تاریں لگائی جائیں تاکہ کوئی غیر متعلقہ شخص داخل نہ ہو سکے۔

(جاری ہے)


     ڈی جی سیف سٹی کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کے لئے سیف سٹی میں خصوصی کنٹرول روم قائم کیا جائے ، تمام مجالس کی ڈرون اور سی سی ٹی وی کیمروں، سمارٹ کارز کی مدد سے سرویلنس کی جائے ،تمام مجالس کی ویڈیو ریکا رڈنگ کی جائے اور امام بارگاہوں میں داخل ہونے والے ہر شخص پر کڑی نگاہ رکھیں تاکہ کوئی بھی ناخوشکوار واقعہ رونما نہ ہوسکے۔


     اے آئی جی سپیشل برانچ اس بات کو یقینی بنائیں کہ امام بارگاہ میں داخل ہونے والے تمام افراد واک تھرو گیٹ سے گزر کر داخل ہوں ، مجالس میں آنے والے تما م عزاداروں کی چیکنگ کو یقینی بنایا جائے ، کوئی بھی شخص بغیر چیکنگ کے اندر داخل نہ ہوسکے،بم ڈسپوزل سکواڈکا عملہ مجالس کے دوران سر چنگ کو یقینی بنائے گا۔
    ایس ایس پی ٹریفک ایک جامع ٹریفک پلان مرتب کریں مجالس کے دوران کار پارکنگ کا مناسب کا انتظام کیا جائے اوراس بات کو یقینی بنائیں کہ گاڑیوں کی پارکنگ امام بارگاہوں سے دور رکھی جائے۔

    
    ڈی آئی جی ہیڈکوراٹرز محرم الحرام کے دوران ضرورت کے وقت لا جسٹک سپورٹ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ڈیوٹی پر مامور افسران و جوانوں کو وقت پر معیاری کھانے کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔
    آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ زونل ایس پیز اپنے اپنے زونز میں امام باگاہوں کے منتظمین ،علماءاکرام، تاجرکمیونٹی اور دیگر متعلقہ افراد سے ملاقات کریں اور ان اس بات پر آمادہ کریں کہ امن وامان قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں ، وقت کی پابندی کو بھی ملحوظ خاطر رکھا جائے، مزید انہوں نے کہاکہ سیکورٹی انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی یا لاپرواہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔