اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے بورڈ کا اجلاس ،پیسک کے سالانہ بجٹ برائے مالی سال 2021-22کی منظوری

سمال انڈسٹریل اسٹیٹ ساہیوال میں صنعتی یونٹس لگانے کیلئے حاصل کیے گئے پلاٹوں پر رہائشگاہیں بنانے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

جمعرات 5 اگست 2021 16:49

اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے بورڈ کا اجلاس ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2021ء) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے بورڈ ممبران کا 116واں اجلاس منعقد ہوا۔پیسک کے کمیٹی روم میں ہونے والے اجلاس کے دوران پیسک کے سالانہ بجٹ برائے سال 2021-22 کی منظوری دی گئی۔ مالی سال 2021-22کے منظورکردہ بجٹ 5658 ملین روپے میں 3822ملین روپے ترقیاتی جبکہ 1810ملین روپے غیر ترقیاتی بجٹ شامل ہے۔

بورڈ نے پیسک پنشن سکیم میں اصلاحات کی اصولی منظوری بھی دی۔ بجٹ میں پنشن میں اعلان کردہ 10فیصد اضافہ پیسک کے ریٹائرڈ ملازمین کو بھی ملے گا۔ حکومتی پالیسی اور محکمہ خزانہ کے رولزکے مطابق پیسک ملازمین کو 25فیصد ڈسپیرٹی الائونس بھی ملے گا۔ بورڈ نے پیسک ہائوس ، سمال انڈسٹریل اسٹیٹ iv گوجرانوالہ ، سمال انڈسٹریل اسٹیٹ وزیر آبادکے ریوائز پی سی 1 کی منظوری دی۔

(جاری ہے)

اخوت تنظیم کے ذریعے سے جاری وزیراعلیٰ خود روزگار سکیم بارے تجاویز مرتب کر کے کابینہ میں پیش کی جائیں گی۔ سمال انڈسٹریل اسٹیٹ ساہیوال میں صنعتی یونٹس لگانے کیلئے حاصل کیے گئے پلاٹوں پر رہائشگاہیں بنانے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ سمال انڈسٹریل اسٹیٹ فیصل آباد میں توسیع کی منظوری۔ بورڈ نے سمال انڈسٹریل اسٹیٹ ڈی جی خان اور سمال انڈسٹریل اسٹیٹ جھنگ پر کام کے آغاز کی بھی منظوری دی۔

بورڈ نے پیسک کے دیگر مالیاتی اور انتظامی امور کی بھی منظوری دی۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر میں نئے صنعتی مراکز قائم کرکے معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کی راہ ہموار کی گئی ہے۔ صنعتی مراکز کی 100فیصد کالونائزیشن ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی۔ صوبائی وزیرنے پیسک کی جاری سکیموں پر کام کی رفتار تیز کرنے اور نئی سکیموں کے پی سی 1جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی تمام سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں انفراسٹکچر کے معاملات کو درست کیا جائے۔

میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پیسک کی بیکار پڑی اراضی کے استعمال اور یہاں تجارتی سرگرمیاں شروع کرنے کا پلان بنایا جائے اور پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن میں اصلاحات کا جامع پلان بنا کر پیش کیا جائے۔ ایڈیشنل سیکرٹری صنعت وتجارت ، ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن اوربورڈ ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔