ہتھیارڈالنے والے افغان فوجیوں کو قتل کرنے کی اطلاعات پر امریکا کا اظہارتشویش

اگرایسی اطلاعات درست ہیں تو طالبان جنگی جرائم کے مرتکب ہوسکتے ہیں،کابل میں امریکی سفارتخانے کا بیان

جمعرات 5 اگست 2021 16:51

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2021ء) کابل میں امریکی سفارتخانے کی جانب سے ان اطلاعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے جن میں طالبان پر الزام لگایا گیا تھا کہ طالبان کے سامنے جن افغان فوج کے اہلکاروں نے ہتھیار ڈالے تھے، طالبان نے پہلے انھیں معاف کیا تھا، تاہم رات کی تاریکی میں ان کو اپنے گھروں سے نکال کر ہلاک کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

ان اطلاعات میں طالبان پر یہ بھی الزام لگایا گیا تھا کہ ان فوجیوں کو مارنے کے بعد ان کی بیوائوں سے طالبان نے زبردستی نکاح کیے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی سفارتخانے کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ اگر یہ اطلاعات درست ہیں تو طالبان جنگی جرائم کے مرتکب ہو سکتے ہیں۔