سندھ ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر جامشورو کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر آئندہ سماعت پر ڈی سی جامشورو کو پیش ہونے کا حکم دیدیا

جمعرات 5 اگست 2021 16:52

سندھ ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر جامشورو کیخلاف توہین عدالت کی درخواست ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2021ء) سندھ ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر جامشورو کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر آئندہ سماعت پر ڈی سی جامشورو کو پیش ہونے کا حکم دیدیا۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو اور جسٹس فہیم احمد صدیقی پر مشتمل ڈویژنل بینچ کے روبرو ڈپٹی کمشنر جامشورو کیخلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا ہماری زمینوں پر قبضہ کروایا گیا۔

معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے، سپریم کورٹ نے کسی بھی کارروائی سے ڈی سی کو روکا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ عدالت نے اے ڈی سی سے استفسار کیا کہ کہاں ہیں ڈی سی صاحب۔ اے ڈی سی نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر صاحب کو کوڈ ہوا ہے۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہاں ہے کوڈ رپورٹ، ہمیں دکھائیں۔آپ لوگ جامشورو میں بادشاہ بنے ہوئے ہیں، آپ کیا سمجھ رہے ہیں عدالتیں بند ہیں اگلی تاریخ پر ڈی سی جامشورو ہر حال میں کوڈ سرٹیفیکیٹ بنا کر پیش ہوں۔ ہمیں پتہ ہے کہیں سے بھی سرٹیفیکیٹ بنا لیں گے لیکن ہم اس کی تصدیق کریں گے۔ ڈی سی کشمور پیش نہ ہوئے تو وارنٹ جاری کریں گے۔ عدالت نے ڈی سی جامشورو کو 25 اگست کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔