سعودی حکومت نے عمرہ زائرین کی تعداد کے حوالے سے اہم بیان دے دیا

سعودی نائب وزیر حج ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط کا کہنا ہے کہ اس بار کے عمرہ سیزن کے لیے کوئی مخصوص گنتی مقرر نہیں کی گئی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 5 اگست 2021 16:37

سعودی حکومت نے عمرہ زائرین کی تعداد کے حوالے سے اہم بیان دے دیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 اگست 2021ء ) سعودی نائب وزیرحج ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے کہا ہے کہ نئے عمرہ سیزن کے لیے کوئی کوٹہ مختص نہیں ہے۔’عمرہ زائرین کی کوئی انتہائی حد مقرر نہیں کی گئی البتہ وزارت صحت کے مقرر کردہ ضوابط کی پابندی کرنا ہوگی۔ اسی بنیاد پر عمرہ زائرین کی تعداد پر فرق آسکتا ہے‘۔اُردو نیوز کے مطابق نائب وزیرحج نے حج و عمرہ قومی کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کے دوران بتایاکہ’ تمام متعلقہ اداروں سے کہہ دیا گیا ہے کہ لائسنس ہولڈر عمرہ کمپنیوں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں‘۔

علاوہ ازیں ان کمپنیوں کو استثنی دیا جائے گا جن پر ادارہ وافدین کی طرف سے جرمانے کیے گئے ہیں۔ انہیں عمرہ زائرین کو سہولتیں فراہم کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ نائب وزیرحج نے (مقام) سینٹرل بکنگ پلیٹ فارم والے لائسنس ہولڈرز ہوٹلز والے عمرہ زائرین کو اس شرط کے ساتھ منظوری دی ہے کہ وہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے وزارت صحت کی جانب سے مقرر کردہ تمام شرائط پوری کریں۔

(جاری ہے)

قومی حج کمیٹی نے درخواست کی تھی کہ کمپنیوں کو ادارہ وافدین کے مقررہ جرمانوں سے رخصت دی جائے۔واضح رہے کہ سعودی حکومت نے کورونا وبا کی وجہ سے مملکت میں سیاحتی سرگرمیاں معطل کر دی تھیں جس کے بعد غیر ملکی سیاحوں کے بھی مملکت آنے پر عارضی پابندی عائد ہو گئی تھی۔ تقریباً ڈیڑھ سال کے بعد وزارت سیاحت نے سیاحتی ویزوں پر پابندیاں ہٹانے کا اعلان کیا ہے۔

جس کے بعدسعودی عرب کا سیاحتی ویزہ رکھنے والے افراد یکم اگست سے مملکت آ سکتے ہیں۔ مملکت میں سیاحتی ویزہ پر آنے والے مسلمان افراد اپنے قیام کے دوران عمرہ بھی ادا کر سکیں گے ۔ اس کے علاوہ انہیں مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز پڑھنے اور زیارت کی بھی اجازت ہو گی۔ تاہم عمرہ اور نماز وں کے لیے انہیں پیشگی اندراج کروانا ہوگا۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق جو سیاح عمرہ کی سعادت بھی حاصل کرنا چاہتے ہیں، انہیں غیر ملکی معتمر کی حیثیت سے ’اعتمرنا‘ ایپ میں اپنا اندراج کروانا ہو گا اور نمازوں کے لیے بھی بکنگ کروائی جا سکتی ہے۔

جو افراد اس سعادت کو حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں۔ انہیں پہلے'توکلنا' ایپ میں اپنا ویکسی نیشن اسٹیٹس اپ ڈیٹ کرنا ہوگا جس میں ظاہر کیا جائے کہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا چکے ہیں یا پہلی خوراک لگوائے کم از کم 14 روز گزر گئے ہیں۔ عمرہ کے لیے سیاحوں کو اعتمرنا ایپ پر اندراج تبھی کروانے کی اجازت ہو گی جب وہ مملکت میں پہنچ چکے ہوں گے۔