ٹی ٹونٹی سیریز میں کامیابی نے مصباح الحق کی بطور کوچ لائف لائن میں اضافہ کردیا

دورہ انگلینڈ میں مایوس کن نتائج کی وجہ سے کچھ بورڈ آفیشلز،دیگر حکام مصباح کی کارکردگی کے حوالے سے مطمئن نہیں تھے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 5 اگست 2021 17:29

ٹی ٹونٹی سیریز میں کامیابی نے مصباح الحق کی بطور کوچ لائف لائن میں اضافہ ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 اگست 2021ء ) ویسٹ انڈیز کے خلاف بارش سے متاثرہ ٹی ٹونٹی سیریز میں کامیابی نے مصباح الحق کی بطور ہیڈ کوچ لائف لائن میں کچھ اضافہ کرنے میں مدد دی ہے۔ غیرملکی نیوز ایجنسی کے مطابق مصباح الحق اب ٹی ٹونٹی ورلڈکپ تک ذمہ داریاں نبھانا جاری رکھ سکتے ہیں۔ انگلینڈ کے دورے میں مایوس کن نتائج کی وجہ سے کچھ بورڈ آفیشلز اور دیگر حکام مصباح الحق کی کارکردگی کے حوالے سے مطمئن نہیں تھے۔

(جاری ہے)

کیریبیئن جزائر میں 4 ٹی 20 میچز کی سیریز بارش سے شدید متاثر ہوئی جس میں سے3 کا نتیجہ نہیں نکلا، پاکستان واحد میچ میں فتح کی وجہ سے سیریز 0-1 سے اپنے نام کرنے میں کامیاب رہا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ میں یہ سوچ پائی جاتی ہے کہ مصباح کوچنگ میں ناتجربہ کاری کی وجہ سے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے موزوں نہیں ہیں البتہ ویسٹ انڈیز میں سیریز بارش سے بْری طرح متاثر ہونے کی وجہ سے حکام حتمی فیصلے پر نہیں پہنچ پائے اور مصباح الحق کو نئی لائف لائن مل گئی۔