مختلف شعبوں میں نمایاں اور قابل قدر خدمات انجام دینے والے اداروں اور شخصیات کے نام سے اہم شاہراہوں، سڑکوںکو منسوب کرنے کا مقصد ان کی خدمات کو زندہ و تابندہ رکھنا ہے ،ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد

جمعہ 6 اگست 2021 00:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اگست2021ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ مختلف شعبوں میں نمایاں اور قابل قدر خدمات انجام دینے والے اداروں اور شخصیات کے نام سے اہم شاہراہوں، سڑکوںکو منسوب کرنے کا مقصد ان کی خدمات کو زندہ و تابندہ رکھنا ہے تاکہ آنے والی نسلوں کو ان کی خدمات سے متعارف کرایا جاسکے، یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز کورنگی انڈسٹریل ایریا کی مرکزی سڑک 8000 روڈ کا نام دارالعلوم کراچی کی دینی و علمی خدمات کے اعتراف میں شاہراہ دارالعلوم رکھنے کی تختی کی نقاب کشائی کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ورکس شبیہہ الحسنین زیدی ، مولانا ابراہیم ، سینئر ڈائریکٹر میڈیامینجمنٹ علی حسن ساجد اور دیگر افسران بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ اس شاہراہ کو شاہراہ دارالعلوم کہا جائے گا جس سے اس کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوگا، انہوں نے کہا کہ کورنگی صنعتی علاقے میں واقع یہ مرکزی شاہراہ جسے اب تک 8000 روڈ کہا جاتا تھا ،11 کلو میٹر طویل ہے اور جام صادق پل سے شروع ہو کر دائود چورنگی تک جاتی ہے اس سڑک کے درمیان بروکس چورنگی ، شان چورنگی، انڈس چورنگی اور دیگر اہم چورنگیاں واقع ہیں اور اسے کورنگی صنعتی علاقے کی شہ رگ بھی کہا جاسکتا ہے جہاں روزانہ لاکھوں افراد کی آمدورفت رہتی ہے، اس شاہراہ کو خوبصورت اور سرسبز بنانے کے لئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں اور یہاں وسیع پیمانے پر شجر کاری بھی کی جا رہی ہے یہاں واقع چورنگیوں کو بھی خوبصورت اور پرکشش بنایا جا رہا ہے جس کے لئے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری بھی مکمل تعاون کر رہی ہے اور ان کے ساتھ اس سلسلے میں مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کئے جاچکے ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی اس حوالے سے تمام تر اقدامات جاری رکھے گی، انہوں نے کہا کہ دارالعلوم کورنگی کا قیام 1954ء میں عمل میں آیا اور اس کی بنیاد مفتی اعظم پاکستان حضرت مولانا محمد شفیع عثمانی نے رکھی تھی اور اس مدرسے میں مفتی رفیع عثمانی ، مفتی تقی عثمانی،مفتی عبدالرئوف سکھروی جیسے عالمی شہرت یافتہ علمائے کرام خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ یہاں سے فارغ التحصیل ہونے والے متعدد علماء دیگر دینی اداروں سے وابستہ ہیں اور دارالعلوم کراچی کا نام روشن کررہے ہیں، دارالعلوم کراچی کا مدرسہ 27 مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہا ہے اور یہاں 10 ہزار سے زائد طلباء زیر تعلیم ہیںجبکہ ملک کے مختلف شہروں سے حصول علم کے لئے آنے والے ساڑھے 3 ہزار سے زائد طالب علم دارالعلوم کراچی میں مستقل قیام پذیر ہیں، انہوں نے کہا کہ دارالعلوم کراچی علم کا ایک شہر ہے اور شہر کراچی اور یہاں بسنے والوں کو ایسا بلند پایہ دینی ادارہ رکھنے پر فخر ہے۔