پنجاب یونیورسٹی سکول آف کمیونیکیشن سٹڈیز کے زیر اہتمام تربیتی ورکشاپ

جمعہ 6 اگست 2021 00:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2021ء) پنجاب یونیورسٹی سکول آف کمیونیکیشن سٹڈیز کے زیر اہتمام میڈیا فاو،ْنڈیشن 360کے اشتراک سے طلباء سوسائٹی ممبران برائے امن اور ہم آہنگی کے لئے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں شاہ پارا سلیم ، مبشر بخاری سمیت سینئر صحافیوں نے اپنے خیالات کااظہار کیا۔ اپنے خطاب میں مقررین نے امن اور ہم آہنگی پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اپنی ثقافت کے ذریعے کیسے ملک میں امن قائم کیا جا سکتا ہے۔

انہو ں نے کہا دنیا کی تخلیق انسان کے لئے کی گئی جس میں اپنی ثقافت کو فروغ دے کر نفرت کو کم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے 1960کے عشرے میں مختلف ثقافتوں کی آماجگاہ کہلائے جانے والے لاہور شہر کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس شہر نے برصغیر کے نامور گلوکاراور میوزک ڈائریکٹر پیدا کئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور دانشوروں کا مرکز ہوا کر تا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں اور خواتین پر تشدد سے پاکستانی معاشرے میں انتہاپسندی کا تشخص ابھر رہا ہے جس سے نبردآزما ہونے کیلئے رواداری کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں انتشار اور عدم برداشت کی حوصلہ شکنی کیلئے میڈیا کو مثبت کردار ادا کرنا چاہئے۔ مقررین نے طلباء پر زور دیا کہ ایسی روایات کو اپنائیں جو معاشرے میں امن و ہم آہنگی قائم کرنے کا سبب بنیں۔ اس موقع پر مساوات، سوچ اور تقریر کی آزادی سمیت معاشرے میں امن قائم کرنے اور برداشت کو فروغ دینے کیلئے کئی پہلووں زیر بحث آئے۔ تربیتی ورکشاپ میں طلباء کو انتہا پسند ی کے رجحانات میں اضافہ کی وجوہات اور قابو پانے کے طریقوں پر سیر حاصل بات چیت کی گئی۔