سعودی عرب میں یومیہ کورونا کیسز کئی ہفتوں کی کم ترین سطح پر آگئے

مملکت میں کئی ہفتوں بعد یومیہ 1 ہزار سے کم کورونا کیسز رپورٹ ہوئے، 80 لاکھ سے زائد افراد کی ویکسی نیشن بھی مکمل ہو چکی

muhammad ali محمد علی جمعرات 5 اگست 2021 22:06

سعودی عرب میں یومیہ کورونا کیسز کئی ہفتوں کی کم ترین سطح پر آگئے
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 اگست 2021ء) سعودی عرب میں یومیہ کورونا کیسز کئی ہفتوں کی کم ترین سطح پر آگئے، مملکت میں کئی ہفتوں بعد یومیہ 1 ہزار سے کم کورونا کیسز رپورٹ ہوئے، 80 لاکھ سے زائد افراد کی ویکسی نیشن بھی مکمل ہو چکی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کورونا کی وبا پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے، جس کے شاندار نتائج آ رہے ہیں اور کورونا کیسز میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ جمعرات کے روز مملکت میں یومیہ کیسز کی تعداد کئی ہفتوں کی کم ترین سطح پر آگئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سعودی عرب میں 986 کیسز رپورٹ ہوئے۔ کئی ہفتوں بعد یہ پہلا موقع ہے جب سعودی عرب میں ایک روز کے دوران 1 ہزار سے کم کورونا کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مملکت میں زیر علاج مزید 1 ہزار 55 مریض صحتیاب ہو گئے، 13 افراد مہلک وبا کی وجہ سے دنیا سے رخصت ہوئے۔

(جاری ہے)

سعودی عرب میں اب تک 8 ہزار 297 افراد مہلک وبا کا شکار ہو کر دنیا سے رخصت ہو چکے، جبکہ مملکت میں اب تک 5 لاکھ 30 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے، جن میں سے 5 لاکھ 12 ہزار سے زائد افراد کورونا کو شکست دینے میں کامیاب رہے۔ بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب میں اس وقت 10 ہزار سے زائد ایکٹیو کیسز موجود ہیں۔ دوسری جانب مملکت میں کورونا ویکسی نیشن کی مہم بھی زور و شور سے جاری ہے۔

بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب میں اب تک 25 فی صد آبادی کو کرونا وائرس کی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔العربیہ نیوز کے مطابق مملکت میں اکتوبرتک 70 فی صد آبادی کو ویکسین لگادی جائے گی اور اس طرح ’اجتماعی قوتِ مدافعت‘(ہرڈ ایمیونٹی) کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔سعودی وزارتِ صحت کے مطابق اب تک 80 لاکھ شہریوں اور مکینوں کو کووِڈ-19 کی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔

یہ تعدادکل آبادی کے 25 فی صد کے برابر ہے جبکہ ایک کروڑ 90لاکھ افراد(کل آبادی کا 56 فی صد) کو ویکسین کی پہلی خوراک لگائی جاچکی ہے۔وزارت صحت نے مزید بتایا ہے کہ ملک بھرمیں 587 ویکسین مراکز میں منگل تک ویکسین کی دوکروڑ80 لاکھ سے زیادہ خوراکیں لگا دی گئی ہیں۔سرکاری اعدادو شمارکے مطابق سعودی عرب میں روزانہ اوسطاً ویکسین کی 365000 سے زیادہ خوراکیں لگائی جارہی ہیں۔

حکام کے مطابق اس سال اکتوبر تک کرونا وائرس اور اس کی نئی شکلوں سے تحفظ کے لیے اجتماعی قوت مدافعت کے ہدف کے حصول کے ضمن میں وزارت صحت کی ویکسین لگانے کی مہم درست سمت میں جارہی ہے۔سعودی عرب نے اب تک کووِڈ-19 کی چارویکسینیں؛ فائزر،بائیو۔این ٹیک ، ماڈرنا ، آکسفورڈ۔آسٹرازینیکا اور جانسن اینڈجانسن،لگانے کی منظوری دی ہے۔سعودی حکومت زیادہ سے زیادہ افراد کی ویکسین لگوانے کی حوصلہ افزائی کے لیے مختلف اقدامات کررہی ہے۔