ڈی آئی جی آپریشنز ساجدکیانی کی زیر صدارت الائیڈ ڈیپارٹمنٹس کامشترکہ اجلاس

محرم الحرام کے دوران کئے جانے والے سکیورٹی ، لاجسٹک و دیگر اقدامات کا جائزہ لیا گیا پُر امن محرم الحرام کیلئے پولیس و ضلعی اداروں کی آپس میں کوآرڈینیشن بہت ضروری ہی: ڈی آئی جی آپریشنز ساجدکیانی

جمعہ 6 اگست 2021 23:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اگست2021ء) ڈی آئی جی آپریشنزلاہور ساجدکیانی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں الائیڈ ڈیپارٹمنٹس مشترکہ اجلاس منعقد ہوا ۔ ایس پی سکیورٹی سردار موارہن خان، ایس پی سیف سٹی اتھارٹی سمیت دیگر پولیس افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ ریسکیو 1122،سوئی نادرن گیس پرائیویٹ لمیٹڈ ، لیسکو ،بم ڈسپوزل سکواڈ،پی ایچ اے ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ،میٹرو پولیٹن، سول ڈیفنس، ٹیپا ، ایل ڈبلیو ایم سی ، لاہور پارکنگ اتھارٹی سمیت دیگر اداروں کے نمائندے اجلاس میں موجود تھے ۔

اجلاس میں محرم کے دوران الائیڈ ڈیپارٹمنٹس کی جانب سے کئے جانے والے سکیورٹی ، لاجسٹک و دیگر اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز ساجدکیانی نے اس موقع پرکہا کہ محرم الحرا م میں امن و امان کی صورتحال ہر صورت یقینی بنانے کیلئے پولیس و ضلعی اداروں کی آپس میں کوآرڈینیشن بہت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

ساجد کیانی نے کہا کہ عزاداری جلوس کے راستوں میں آنے والی تجاوزات کا ہر صورت خاتمہ کروایا جائے گا۔

بجلی کی لٹکتی تاروں، نکاسی آب،سڑکوں کے پیچ ورک و دیگر مسائل کو محرم کی آمد سے قبل حل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تمام ادارے الرٹ رہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں رہیں۔تمام اداروں کا مل کر کام کرنا پرُامن محرم کی ضمانت ہے ۔تمام اداروں کے نمائندوں نے لاہور پولیس کو محر الحرام کے دوران بھر پور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔