سندھ ہائیکورٹ نے نثاراحمدکھوڑو کی ضمانت میں 28 ستمبر تک توسیع کردی

عدالت نے ای سی ایل سے نام نکالنے اورگوداموں سے کروڑوں روپے کی گندم چوری پر انکوائری سے متعلق نثار کھوڑوکی درخواستوں پر پراسیکوٹر نیب سے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی

بدھ 11 اگست 2021 14:45

سندھ ہائیکورٹ نے نثاراحمدکھوڑو کی ضمانت میں 28 ستمبر تک توسیع کردی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2021ء) سندھ ہائیکورٹ نے پیپلزپارٹی سندھ کے صدرنثاراحمدکھوڑو کی ضمانت میں 28 ستمبر تک توسیع کردی جبکہ نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) سے نکالنے اور سندھ کے گوداموں سے کروڑوں روپے کی گندم چوری پر نیب انکوائری سے متعلق درخواستوں پر پراسیکوٹر نیب سے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی ہے۔

بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں جسٹس محمد اقبال کلہوڑو اورجسٹس شمس الدین عباسی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے نام ای سی ایل سے نکالنے اور سندھ کے گوداموں سے کروڑوں روپے کی گندم چوری پر نیب انکوائری سے متعلق نثار کھوڑو کی دو درخواستوں کی سماعت کی۔نثار کھوڑوعدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت پراسیکیوٹرنیب نے موقف دیا کہ نثار کھوڑو کیخلاف تحقیقات جاری ہیں۔

(جاری ہے)

نثار کھوڑو کیخلاف گندم خردبرد کیس میں تحقیقات ہو رہی ہیں۔ حتمی رپورٹ کے لیے مہلت دی جائے۔ 4 ہفتوں میں پیش رفت رپورٹ جمع کرا دیں گے۔ عدالت نے نیب سے پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے نثار کھوڑو کی ضمانت میں 28 ستمبر تک توسیع کردی۔ دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ نیب سیاسی بنیادوں پر ہراساں کر رہا ہے۔ سکھر میں گندم خردبرد انکوائری سیاسی انتقام ہے۔وفاقی حکومت نے انتقاما نام ای سی ایل میں ڈال رکھا ہے۔ وفاقی حکومت کو نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا جائے۔