وزارت آئی ٹی کا صوابی، نوشہرہ، مردان اور چارسدہ میں 55 کروڑ،50 لاکھ کی لاگت سے براڈ بینڈ سروسز فراہمی کا منصوبہ

دور دراز علاقوں کے مکین ہائی اسپیڈ موبائل و انٹرنیٹ کے اتنے ہی حقدار ہیں جتنے شہروں کے رہائشی، سید امین الحق وزارت آئی ٹی کی تیز رفتار ترقی اور منصوبے ڈیجیٹل پاکستان ویڑن کی جانب مثبت پیش رفت کا ثبوت ہیں، پرویز خٹک

جمعرات 12 اگست 2021 18:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2021ء) ڈیجیٹل پاکستان ویڑن کی تکمیل کیلئے وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کا سفر تیزی سے جاری ہے جس کے تحت خیبرپختونخواہ کے اضلاع نوشہرہ، مردان، صوابی، اور چارسدہ میں براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کیلئے 55 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد کا منصوبہ شروع کردیا گیاہے، جس کیلئے معاہدے کی تقریب جمعرات کو اسلام آباد میں یونیورسل سروس فنڈ کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوئی، معاہدے پر دستخط یو ایس ایف کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر حارث محمود چوہدری اور ٹیلی نار کے سی ای او عرفان وہاب خان نے کیئے۔

تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق تھے جبکہ اس موقع پر وزیر دفاع پرویز خٹک نے خصوصی شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب میں سیکریٹری آئی ٹی ڈاکٹر سہیل راجپوت، ممبر ٹیلی کام محمد عمر ملک سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا کہ ہم نے دعوے اور وعدے نہیں کیئے بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے وہ کردکھایا ہے جس کا تصور شاید وزارت آئی ٹی میں اس سے پہلے کبھی نہیں تھا، اس کا ثبوت یہ ہے کہ گذشتہ مالی سال میں ہم نے ملک بھر کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں براڈ بینڈ سروسز، موبائل نیٹ ورک کی توسیع اور آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے 25 مختلف منصوبوں پر 31 ارب روپے سے زائد کی رقم خرچ کی۔

جبکہ رواں مالی سال میں انشاء اللہ منصوبوں کی تعداد بڑھا کر 30 کردی گئی ہے یہ سلسلہ یہاں رکے گا نہیں بلکہ ڈیجیٹل پاکستان ویڑن کی تکمیل کیلئے وزارت آئی ٹی کے تحت تمام اداروں کی کارکردگی ہر دن کے ساتھ اپنی مثال آپ بنتی جارہی ہے۔سید امین الحق کا کہنا تھا کہ شہروں میں موبائل آپریٹرز نیٹ ورکنگ اور براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کیلئے اپنا کام کرتی ہیں لیکن دور دراز علاقوں خاص کر بکھری ہوئی یا کم آبادی والے علاقوں میں ان کیلئے بزنس کے نقطہ نگاہ سے کام کرنا مشکل ہوتا ہے ایسے میں وزارت آئی ٹی اپنے ادارے یونیورسل سروس فنڈ کے ذریعے نہ صرف ایسے علاقوں کی نشاندہی کرتی ہے بلکہ وہاں نیٹ ورکنگ کیلئے تمام اخراجات کا 80 سے 90 فیصد ادا کرتی ہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ دور دراز علاقوں کے مکین بھی ہائی اسپیڈ موبائل و انٹرنیٹ کے اتنے ہی حقدار ہیں جتنے بڑے شرہوں کے رہائشی۔

انھوں نے چارسدہ، صوابی، نوشہرہ اور مردان کے مکینوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جلد ہی ان کے پاس ڈیجیٹل ورلڈ سے خود کو منسلک کرنے کیلئے بہترین موبائل نیٹ ورک اور تیز ترین انٹرنیٹ سروس میسر ہوگی اور یہ منصوبہ انشائ اللہ مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔تقریب سے خطاب میں حلقہ این اے 25 نوشہرہ سے پی ٹی آئی کے منتخب رکن و وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کا ہر ضلع قابلیت و صلاحیتوں میں کسی بھی بڑے شہر سے کسی صورت کم نہیں ہے۔

وزارت آئی ٹی کا چارسدہ، صوابی، مردان اور نوشہرہ میں ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ سروسز کا یہ منصوبہ ان علاقوں کے نوجوانوں کو ڈیجیٹل رابطوں کے استعمال کے ذریعے تعلیمی میدان میں خود کو منوانے اور ملک و قومی کی خدمت کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا، پرویز خٹک کا مزید کہنا تھاکہ وزیر اعظم کے ڈیجیٹل پاکستان ویڑن کی تکمیل کیلئے وزارت آئی ٹی کا کردار نمایاں اور قابل ستائش ہے جس کیلئے وفاقی وزیر سید امین الحق مبارکباد کے مستحق ہیں۔

ٹیلی نار پاکستان کے سی ای او عرفان وہاب خان نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ ہم پاکستان بھر خاص طور پر پہاڑی اور دور دراز کے علاقوں میں بہترین سروسز کی فراہمی کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لارہے ہیں اور اس منصوبے کی بروقت تکمیل سے ہمارا ایک اور سنگ میل طے ہوجائے گا۔ قبل ازیں اپنے استقبالیہ خطاب میں یونیورسل سروس فنڈ کے چیف ایگزیکٹیو حارث محمدو چوہدری نے کہا کہ وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کی سپورٹ کے بنا یہ ممکن ہی نہیں تھا کہ یو ایس ایف ایک سال میں 25 منصوبے شروع کرسکے، یہ وفاقی وزیر کی حوصلہ افزائی کا ہی نتیجہ ہے کہ اس سال ہم مزید 30 منصوبے شروع کرنے جارہے ہیں، حارث چوہدری نے بتایا کہ اس منصوبے سے چاروں اضلاع کے 778 مربع کلومیٹر کے علاقے میں 70 کے قریب چھوٹے چھوٹے گاؤں اور قصبوں میں رہنے والے تقریبا پونے دو لاکھ رہاشی افراد بہترین نیٹ ورک اور ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ کی سہولت حاصل کرسکیں گے منصوبہ 16 ماہ کی مختصر مدت میں مکمل کرلیا جائے گا۔