بنگلہ دیش ، پاکستانی ہائی کمیشن میں 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی،صدر اور وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے

اتوار 15 اگست 2021 00:28

ڈ ھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2021ء) بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمیشن میں 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب پر وقار انداز میں منعقد کی گئی ۔ یوم آزادی کے حوالہ سے منعقدہ تقریب میں پاکستانی اور بنگلہ دیشی براد ری نے کثیر تعداد میں شرکت کی ، تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا اور ڈھاکہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران احمد صدیقی نے قومی پرچم لہرایا اور قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا۔

تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔ پاکستان کے ہائی کمشنر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک پاکستان میں دی گئی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بر صغیر کے مسلمانوں نے جنوبی ایشیا کے مسلمان بھائیوں کی فلاح کیلئے قربانیاں دیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بانیان پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ، سرسید احمد خان ، علامہ اقبال ، سر سلیم اللہ خان ، حسین شہید سہروردی اور اے کے فیضل الحق کے وژن اور جدوجہد کو بھی خراج تحسین پیش کیا ۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے معصوم کشمیری بھائیوں پر عالمی برداری کی توجہ دلاتے ہوئے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی پر امن جدوجہد کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کے یوم آزادی کا خصوصی کیک بھی کاٹا گیا۔