مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر بھرکی طرح کوٹلی میں بھی ہندوستان کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور منایا گیا

ریلی کے شرکا نے ہندوستان کے خلاف اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔ شرکا ریلی نے کندھوں پر سیاہ پٹیاں بھی باندھ رکھی تھیں

اتوار 15 اگست 2021 14:55

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2021ء) مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر بھرکی طرح کوٹلی میں بھی ہندوستان کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور منایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر امجد علی مغل،ایس پی راجہ محمد اکمل،اے سی راجہ طارق ،اے ایس پی عباس علی،ملک یعقوب،نصیر راٹھور،محمود ایڈووکیٹ اور سید مظہر کاظمی کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی،ریلی کے شرکا نے ہندوستان کے خلاف اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔

شرکا ریلی نے کندھوں پر سیاہ پٹیاں بھی باندھ رکھی تھیں۔ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر امجد علی نے کہا کہ کشمیر پر قابض ہوکر کشمیریوں پر ظلم ڈھا نے اور بربریت کا مظاہرہ کرنے والے بھارت کو یوم آزادی منانے کا کوئی حق نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کیا کہ کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری باشندوں نے 15 اگست بھارت کے یوم آزادی پر یوم سیاہ منایا جس کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کی جانب سے مسلسل تسلط کی جانب مبذول کروانا تھا۔

حریت کانفرنس کے رہنما محمود ایڈووکیٹ نے کہا کہ جب تک کشمیریوں کو ان کا حق نہیں ملتا، ہندوستان کو آزادی کے جشن منانے کا کوئی حق نہیں، بھارت نے کشمیریوں سے ان کے تمام حقوق چھین لیے ہیں، ملک یعقوب نے کہا کہ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر کو کشمیریوں کا قبرستان بنالیا ہے، ہندوستانیو!یہ بات مت بھولنا تمہارے جشن تلے کشمیریوں کا خون ہے۔انہوں نیکہا کہ بھارت دنیا میں ہندو انتہا پسندی کی علامت بن چکا، نرندر مودی آر ایس ایس کے ہندو انہتا پسند ایجنڈے پر گامزن ہے، سیدمظہر کاظمی ایڈووکیٹ نے کہا کہ بھارت پچھلی سات دہائیوں سے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے، بھارت میں ہندو انتہا پسندی خطرناک حدوں کو چھو رہی ہے، بھارت میں آئے روز مسلمانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے، نصیر راٹھور نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں غیر جانب دار اداروں اور میڈیا کا داخلہ بند کر رکھا۔

آخر میں مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے دعا کی گئی۔