افغانستان کی کشیدہ صورتحال ، پی آئی اے کے 2 طیارے کابل ایئرپورٹ پر پھنس گئے

کابل میں طالبان کے داخل ہونے کی اطلاعات کے بعد کابل کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پروازوں کی آمدورفت معطل ہو گئی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 15 اگست 2021 16:04

افغانستان کی کشیدہ صورتحال ، پی آئی اے کے 2 طیارے کابل ایئرپورٹ پر پھنس ..
کابل (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 اگست 2021ء ) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں طالبان کے داخل ہونے کی اطلاعات کے بعد کابل کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پروازوں کی آمدورفت معطل ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے 2 طیارے بھی کابل انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر موجود ہیں ، پی آئی اے کا بوئنگ777 طیارہ اور ایک ائیر بس آج صبح اسلام آباد سے کابل پہنچے تھے جن میں سے ایک پرواز اسلام آباد کیلئے اڑان بھرنے کیلئے تیار کھڑی ہے لیکن اسے تاحال پرواز کی اجازت نہیں دی گئی جب کہ دوپہر 12 بجے سے کابل ائیرپورٹ پر نہ کوئی لینڈنگ ہوئی اور نہ ہی کسی طیارے نے ٹیک آف کیا ، بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے کابل پہنچنے والی ائیر انڈیا کی پرواز اے آئی 243 ایک بج کر 42 منٹ پر کابل پہنچی لیکن تاحال لینڈ نہ کر سکی۔

(جاری ہے)

اُدھر افغانستان کے دارالحکومت کابل میں افغان طالبان کے داخلے کی اطلاعات کے بعد ترجمان دفتر خارجہ پاکستان نے کہا ہے کہ ابھی کابل میں سفارتخانہ بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ، پاکستان کا ہمیشہ مؤقف رہا ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو ، اپنے ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں ، کابل میں پاکستان کا سفارتخانہ فعال ہے ، کابل میں سفارتی عملے کی سیکیورٹی کے لیے تمام اقدامات کیے ہیں، ابھی کابل میں سفارتخانہ بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کوشش ہے کہ سفارتخانہ بند نہ کرے ، افغانستان میں تمام پاکستانیوں کو ممکنہ مدد فراہم کی جارہی ہے، افغانستان میں صورتحال تیزی سے تبدیل ہورہی ہے ، پاکستان کا ہمیشہ مؤقف رہا ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو ، پاکستان ہمیشہ سے چاہتا ہے کہ سیکیورٹی صورتحال خراب نہ ہو۔ دوسری طرف افغانستان کی سورتحال سے متعلق افغان صدارتی محل میں ہوئے مذاکرات میں معاہدہ طے پا گیا ، افغان میڈیا کے مطابق افغان صدارتی محل میں طالبان اور حکومت کے درمیان مذاکرات جاری ہیں جہاں کابل پر حملہ نہ کرنے کا معاہدہ طے پا گیا ہے ، جس کے تحت طالبان عبوری حکومت کو اقتدار کی پرامن منتقلی کا فیصلہ کیا گیا ہے ، علی احمد جلالی نئی حکومت کے سرا راہ مقرر کئے جائیں گے جب کہ اس سارے معاملے میں عبداللہ عبداللہ ثالث کا کردار ادا کر رہے ہیں ، افغانستان کے قائم مقام وزیرداخلہ عبدالستار مرزا کوال نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کابل پر حملہ نہیں کیا جائے گا اور حکومت کی منتقلی پرامن طریقے سے ہوگی ، کابل کے شہری یقین رکھیں کہ سکیورٹی فورسز شہر کی حفاظت یقینی بنائیں گے۔