Live Updates

رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی کا حلقہ این اے 247کا دورہ ،ترقیاتی کاموں کا جائزہ

وزیر اعظم عمران خان نے کراچی کی ترقی کے لیے خصوصی فنڈ کا اجراء کیا جس سے حلقے کیخستہ حال سڑکوں سمیت بلدیاتی مسائل حل کرنے کی کوشش جاری ہے،آفتاب صدیقی

پیر 16 اگست 2021 23:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جوائنٹ سیکریٹری و رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی نے حلقہ این اے 247 میں وزیر اعظم پاکستان کے خصوصی فنڈ سے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔صدر ،پریڈی اسٹریٹ کی گزشتہ 40 سالوں سے خستہ حال سڑک کو زیر تعمیر کیا گیا ہے۔ آفتاب صدیقی نے پریڈی اسٹریٹ کے دورے کے دوران کہا کہ صوبائی حکومت کی عدم توجہ کے سبب کراچی کا انفراسٹرکچر تباہ حالی کا شکار ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کراچی کی ترقی کے لیے خصوصی فنڈ کا اجراء کیا ہے، اسی فنڈ سے حلقہ این اے 247 کی خستہ حال سڑکوں سمیت تمام بلدیاتی مسائل حل کرنے کی کوشش جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ صدر کے علاقے پریڈی اسٹریٹ گزشتہ 40 سالوں سے خستہ حال تھی، وزیر اعظم کے فنڈ سے اسے تعمیر کیا گیا ہے،اس سڑک کی تعمیر سے ایک علاقے نے سکھ کا سانس لیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ ترقیاتی کام سندھ حکومت سمیت بلدیاتی اداروں کی ذمہ داری میں شامل ہیں، سندھ حکومت کی کراچی دشمن پالیسیاں سب پر عیاں ہوچکی ہیں۔

کراچی کی تباہ حالی اور بنیادی سہولیات کا فقدان سندھ حکومت کی کراچی دشمنی کی عکاسی کرتا ہے۔سندھ حکومت نے 1سال گزرنے کے بعد بھی بلدیاتی انتخابات نہیں کروا رہی۔وزیر اعلی سندھ،وزیر بلدیات محض سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کرنے یومیہ میڈیا پر بیانات جاری کرتے ہیں مگر عملی اقدامات میں صفر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے مسائل کا پی ٹی آئی کو بھرپور ادراک ہے،یہی وجہ ہے کہ پی ٹی آئی وزیر اعظم کے خصوصی فنڈ سے شہر میں ترقیاتی کام کروا رہی ہے۔

وزیر اعظم پاکستان نے کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے رواں سال بھی 21 بلین روپے جاری کیے ہیں اور اب تک 10 بلین کراچی کی تعمیر و ترقی پر لگائے جاچکے ہیں۔پی ٹی آئی کراچی دن و رات کراچی کے مسائل کے حل میں کوشاں ہیں، پی ٹی آئی کراچی کو واپس دنیا کے تیزی سے ترقی کرتے شہروں میں شامل کرے گی، روشنیوں کا شہر کراچی ایک بار پھر چمکے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات