عالمی رہنما افغانستان کی صورتحال پر فوری کارروائی کریں، ملالہ یوسفزئی

منگل 17 اگست 2021 23:58

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اگست2021ء) امن کی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ افغانستان میں پیدا ہونے والی صورت حال پر فوری کارروائی کریں۔ برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے 23 سالہ ملالہ یوسف زئی نے کہا ہے کہ افغانستان کی موجودہ صورت حال خاص طور پر خواتین اور لڑکیوں کے تحفظ پر گہری تشویش میں مبتلا ہوں۔

(جاری ہے)

ملالہ یوسف زئی نے عالمی رہنماؤں سے افغانستان پر فوری کارروائی کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن کو ابھی بہت کچھ کرنا ہے، بالخصوص افغان عوام کی حفاظت کے لیے امریکی صدر کو جرات مندانہ قدم اٹھانا ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں ملالہ یوسف زئی کا کہنا تھا کہ افغانستان کو درحقیقت ایک فوری انسانی بحران درپیش ہے جس کے لیے ہمیں مدد فراہم کرنے کی ضرورت ہے، تاہم انھوں نے کئی عالمی رہنماؤں سے رابطہ کرنے کی کوششوں کا بھی زکر کیا۔ ملالہ نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان کو ایک خط بھیجا تھا جس میں افغان مہاجرین کی پاکستان میں بادکاری، تمام پناہ گزین بچوں تک تعلیم تک رسائی اور ان زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کی درخواست کی تھی۔