پاکستان اور دنیا طالبان کی اخلاقی اور عالمی سپورٹ کرے،مولانا حامد الحق حقانی

طالبان نے فتح کے وقت عام معافی کا اعلان کرکے افغانی عوام کے دل جیت لئے،سربراہ دفاع پاکستان کونسل

ہفتہ 21 اگست 2021 22:56

پبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2021ء) جمعیت علمائے اسلام اور دفاع پاکستان کونسل کے سربراہ مولانا حامد الحق حقانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور دنیا طالبان کی اخلاقی اور عالمی سپورٹ کریں، طالبان نے فتح کے وقت عام معافی کا اعلان کرکے افغانی عوام کے دل جیت لئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علمائے اسلام کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مولانا حامد الحق حقانی نے دنیا سے مطالبہ کیا کہ وہ طالبان کی جمہوری قوت کو تسلیم کرکے ان کی حکومت کو فی الفور تسلیم کریں اور سفارتی تعلقات فوراً بحال کرے تاکہ ملکی معیشت استحکام اور امن کی بحالی ہو، اجلاس میں طالبان کو افغانستان فتح کرنے پر خراج تحسین پیش کیا گیا اور طالبان کی فتح کو شہید ناموس رسالتؐمولانا سمیع الحق کے نظریہ اور سوچ کی جیت قرار دیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جمعیت علمائے اسلام عنقریب افغانستان کے مسئلہ پر اور طالبان کی حمایت میں تمام مذہبی اور سیاسی جماعتوں کاایک اہم اجلاس بلارہے ہیں جس میں طالبان درپیش مسائل اور مشکلات کے بارے میں غوروفکر کیا جائے گا۔جمعیت علماء اسلام کی مرکزی مجلس شوریٰ نے طالبان سے مطالبہ کیاکہ افغانستان کے تمام علاقوں میں حسب روایت عوام کی جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت آپ کی اولین ذمہ داری ہے اس لئے اس کو بھرپور طریقہ سے پورا کریں تمام علاقوں کو جس طرح بغیر جنگ اور تشدد کے عوام کی رضامندی سے حاصل کیا گیا بقیہ افغانستان میں بھی یہی سلسلہ جاری رکھی خواتین اور بچوں سمیت ضعیف حضرات کو بھی خصوصی رعایت اوران کے بنیادی حقوق کا خیال رکھیں تعلیمی اداروں بشمول خواتین و حضرات سب کے لئے کھول دیں نیز ہسپتال سمیت عوامی سہولیات فراہم کریں اقلیتوں کے حقوق کا ہرقیمت میں تحفظ کریں ان کی مذہبی آزادی کو یقینی بنائیں اور مذہبی ہم آہنگی کا ماحول برقرار رکھیں عالمی ترقیاتی تنظیمیں جوافغانستاان کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرتی ہیں ان کی حفاظت کو یقینی بنائیں اوران کیساتھ مل کر افغانستان کی تعمیر میں کردار ادا کریں تمام سفارتخانوں اور سفرا کی حفاظت آپ کی ذمہ داری ہے میڈیا کی آزادی آزادی اظہار رائے کو یقینی بنائیں اور صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں افغانستان پر امریکی حملوں کے بعد سب سے زیادہ پاکستان متاثر ہوا یہاں مدارس ،مساجد متاثر ہوئے بالخصوص جمعیت کے سربراہ شیخ الحدیث حضرت مولانا سمیع الحق کی شہادت اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھیں ملک میں وبائی امراض کے خلاف کام کرنے والے کارکنوں کی مدد کریں۔

اجلاس میں6 نومبر کو قائد جمعیت مولانا سمیع الحق شہید کی یوم شہادت پچھلے سال کی طرح خدمات مولانا سمیع الحق شہید کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا اوران کے انتظامات کے لئے اایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو کانفرنس کے تمام تر انتظامات کو اآخری شکل دے گی۔ اجلاس میں تمام صوبوں کو ہدایات جاری کی گئی کہ وہ اپنے اپنے صوبوں کا اجلاس فی الفور بلا کر بلدیاتی الیکشن اور 6نومبر کو شہید ناموس رسالت مولاناسمیع الحق شہید کانفرنس کے لئے تیاری کریں۔