سانحہ مواچھ گوٹھ بلدیہ ٹائون کے سلسلے میںعوامی نیشنل پارٹی ضلع ملیر کے زیراہتمام آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا

قاتلوں کوجلدازجلد گرفتارکیاجائے اورمذکورہ سانحہ کے شہدا کے لواحقین کو انصاف فراہم کیاجائے، آل پارٹیزکانفرنس کا مطالبہ

اتوار 22 اگست 2021 19:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2021ء) سانحہ مواچھ گوٹھ بلدیہ ٹائون کے سلسلے میں باچاخان ہائوس شیرپائو کالونی لانڈھی میں عوامی نیشنل پارٹی ضلع ملیر کے زیراہتمام آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔آل پارٹیز کانفرنس میں عوامی نیشنل پارٹی ضلع ملیر کے صدر کچکول خان،جنرل سیکرٹری فضل ربی خان یوسفزئی،صوبائی جوائنٹ سیکرٹری سعید خان افغان،صوبائی لیبر سیکرٹری سیف الرحمان کنڈی،پاکستان مسلم لیگ(ن)کے ضلعی صدر فیروز خان و ضلعی ترجمان احمداعوان، جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی امیر مولانا احسان اللہ ٹکروی ،سیکرٹری اطلاعات محمد طارق شامزئی ، جماعت اسلامی کے امیر محمد اسلام اور نواز خان ، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماشاہجہان خان ،اہلسنت و الجماعت کے علامہ محی الدین شاہ و علامہ اشفاق حسین نقشبندی ،تحریک لبیک پاکستان کے رہنما حافظ ادریس اعوان اورپاکستان عوامی تحریک کے ضلعی ذمہ داران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

آل پارٹیزکانفرنس میں مواچھ گوٹھ کے شہدا کے وارثین فرمان علی خان و معراج محمدخان نے بھی خصوصی شرکت کی۔14 اگست کو مواچھ گوٹھ میں ہونے والے دلخراش و لرزہ خیر دہشت گردی کے واقعہ میں خواتین اور بچوں سمیت13 افرادشہید و متعدد زخمی ہوئے تھے۔تاحال قاتلوں کی تلاش میں سیکیورٹی اداروں کی جانب سے کوئی مثبت پیش رفت عمل میں نہ آسکی۔آپ پارٹیزکانفرنس کے شرکاء نے اس سانحہ کو یوم آزادی کے دن غیر معیاری وغیر سنجیدہ سیکیورٹی کی وجہ سے معصوم جانوں پر دہشت گردانہ کاروائی قراردیا اور کسی بھی ابہام کو رد کردیا۔

کانفرنس میں تمام تنظیموں کے ذمہ داران نے صوبائی و مرکزئی حکومتوں کو قاتلوں کی جلدازجلد گرفتاری و مذکورہ سانحہ کے شہدا کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔کانفرنس کے شرکا نے صوبائی و مرکزئی حکومتوں و قانون نافذ کرنے والے ادراوں کی سردمہری و خاطرخواہ کاروائی عمل میں نہ لانے پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قاتلوں کی عدم گرفتاری کی صورت میں کراچی پریس کلب پر احتجاجی پریس کانفرس ،پریس کلب پر ضلعی کل جماعتی احتجاج،متعلقہ ضلع میں کل جماعتی احتجاجی جلسہ، شٹرڈاون ہڑتال احتجاج سمیت تمام آپشن مرحلہ وار ترتیب دیئے جائیں گے ۔

کانفرنس میں صوبائی و مرکزئی حکومتوں سے سانحہ مواچھ گوٹھ کی تحقیقات میں سردمہری و غیر سنجیدگی کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی،ارباب اختیار خدارا ہوش کے ناخن لیں ،آل پارٹیز کانفرنس نے لواحقین کو یقین دھانی کرائی گئی کہ مذکورہ حکومتوں کی اس معاملے میں موجودہ روش پر ھماری جانب سے پرامن جدوجہد میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائیگی۔