اجیت ڈوول کی بھونڈی حکمت عملی بھارت کی رسوائی کا سبب بن گئیں

بھارتی مشیر کے افغان نیشنل آرمی کے حوالے سے دعوے سمندری جھاگ ثابت ہوئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 23 اگست 2021 10:43

اجیت ڈوول کی بھونڈی حکمت عملی بھارت کی رسوائی کا سبب بن گئیں
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اگست 2021ء) : بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول کی افغانستان کے حوالے سے بھونڈی حکمت بھارت کی رسوائی کا سبب بن گئی۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی مشیر کے افغان نیشنل آرمی کے حوالے سے دعوے سمندری جھاگ ثابت ہوئے۔ بھارتی مشیر قومی سلامتی کے افغانستان کے حوالے سے بھونڈے تجزیے، غلط مشوروں اور دعووں سے بھارت تو ڈوبا ہی لیکن دوسری جانب امریکہ اور مغرب بھی اسی چکر میں رسوا ہو گئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق 2013ء میں بھارتی مشیر برائے قومی سلامتی اجیت ڈوول نے ایک سیمینار میں تقریر کرتے ہوئے افغان نیشنل آرمی کی صلاحتیوں کی تعریف کے پُل باندھے اور پاکستان کے مؤقف کو غلط قرار دیا تھا۔ بھارت نے مسلسل عالمی طاقتوں سے نہ صرف جھوٹ بولا بلکہ ان کو مس گائیڈ بھی کیا، تام اب وقت آ گیا ہے کہ امریکہ اور افغانستان مل کر بھارت سے جواب طلبی کریں اور بھارت کی بھونڈی حکمت عملی سے متعلق سوال کریں۔

(جاری ہے)

بھارتی مشیر اجیت ڈوول کی سنجیدگی کا اندازہ یہاں سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایس سی او کانفرنس سے قبل اجیت دوول نے ڈرون حملے کا راگ الاپنا شروع کر دیا تھا۔ مودی کی مقبوضہ کشمیر آل پارٹیز کانفرنس ناکام ہوئی، اور بھارت کو سوالات کا سامنا تھا جس کے بعد نریندر مودی نے ایک اورڈرامہ رچا دیا۔ جس کے بعد سوال پیدا ہوا کہ اپنی عوام کو گمراہ کر کے کیا مودی سرکار ایک اور الیکشن کی تیاری کر رہی ہے؟ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا ہر الیکشن سے پہلے مودی ، بی جے پی، اپنے لوگوں اور فوجیوں کو نشانہ بناتے رہیں گے؟ بھارتی عوام کا بھی اپنے وزیراعظم نریندر مودی سے اعتماد اُٹھنے لگا ہے۔

کیونکہ پلوامہ میں بھی مودی نے اپنے ہی لوگوں کو مروایا تھا جبکہ الزام پاکستان پر عائد کر دیا تھا۔ واضح رہے کہ پاکستان بھی بھارت سے مذاکرات کی کتنی بھی کوشش کر لے بھارت اپنی ہٹ دھرمیوں اور شر انگیزیوں سے کسی صورت باز نہیں آ سکتا۔ آئے روز بھارت سے پاکستان مخالف بیانات آتے رہتے ہیں اور لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی تو جیسے بھارت کا وطیرہ بن چکی ہے۔