Live Updates

وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی اے کے این ایس کے صدر سردار زاہد تبسم اور مختلف عوامی وفودسے گفتگو

پیر 23 اگست 2021 22:21

اسلام آباد۔23اگست  (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔23 اگست 2021ء ی) :وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات ایک سال کے اندر کرائیں گے، محکمہ پولیس میں اصلاحات کا نفاذبھی جلد ہو گا،آزاد کشمیر میں احتساب بلاتفریق اورانصاف کی فراہمی یکساں ہوگی،احتساب کے عمل سے اپنے پرائے سب گزریں گے، آزاد کشمیر گزشتہ کئی سالوں سے محرومیوں کا شکار ہے، عوام کے مسائل کا حل ہماری ترجیح ہے، پی ٹی آئی حکومت عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرے گی، پولیس ریفارمز لائیں گے،پولیس کا ڈھانچہ تبدیل،رویوں میں تبدیلی اور کے پی طرز کا پولیس ماڈل آزاد کشمیر میں متعارف کرائیں گے،سیاحت کو فروغ دے کر بے روزگاری کا خاتمہ کرینگے،متاثرین کنٹرول لائن کی آباد کاری کیلئے بھی اقدامات اٹھائیں گے،میرٹ اور انصاف پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،بلین ٹری منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد کرینگے،تمام سرکاری اداروں سے ماہانہ کارکردگی رپورٹ لی جائے گی،عوام بہت جلد آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کا پہیہ چلتا دیکھیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالا ت کا اظہاروزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیرسردار عبدالقیوم نیازی نے اے کے این ایس کے صدر سردار زاہد تبسم اور آزادکشمیر بھر سے آئے ہوئے مختلف عوامی وفودسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیراورعوامی مسائل کو اجاگر کر نے میں ریاستی میڈیا کا کردا رپوشیدہ نہیں۔میڈیا کو مضبوط بنا نے، صحافیوں اور اخبارات کے مسائل حل کرنے کیلئے جامع پالیسی لائیں گے،آزاد کشمیر کے عوام میرا اثاثہ ہیں، برادری از م پر یقین نہیں رکھتا، پڑھے لکھے بچوں کو میرٹ پر روزگار دیں گے۔

کسی کے ساتھ ناانصافی یا زیادتی نہیں ہونے دونگا،وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے مطابق عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھوں گا، جھوٹے اعلانات اور وعدوں پر یقین نہیں رکھتا، میرٹ اور انصاف کے مطابق جو کرسکا کروں گا ۔وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیرسردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ کونسل انتخابات، صدر ریاست کا حلف اور کابینہ کی تشکیل کے فوری بعد عوام خوشخبری سنیں گے۔

صوابدیدی عہدوں پر تعینا تیاں جلد کرینگے۔پٹواری کلچر ختم،پولیس میں اصلاحات، میرٹ کی بحالی، انصاف کی فراہمی،بلدیاتی انتخابات کا انعقاد،سیاحت کو فروغ دینا ترجیحات میں شامل ہے۔ پارٹی منشور کے ایک ایک لفظ پر عمل کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں آزاد کشمیر کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو روز گار کے مواقع فراہم کریں گے، عمران خان کا ہیلتھ کارڈ پروگرام مثالی ہے، عمران خان عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں، ریاست میں صحت، تعلیم،انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں گے۔

وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیرسردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ کرپشن سے دامن پاک ہے وزیر اعظم پاکستان کا اعتماد حاصل ہے۔انتقامی سیاست نہیں کرونگا، احتساب شروع ہوچکا ہے،کسی کرپٹ کو معاف نہیں کیا جائے گا جس نے بھی ملکی خزانے پر ڈاکہ ڈالا ہے اسے سزا بھگتنا پڑے گی،وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عوام کی رسائی آسان بنادی،وزیر اعظم ہاؤس عوام کیلئے کھول دیا ہے لوگوں کو ہماری حکومت سے توقعات بہت ہیں مایوس نہیں کرینگے،قابل آفیسران ہمار ا سرمایہ ہیں ان کی صلاحیتو ں سے فائدہ اٹھائیں گے،آزاد کشمیر میں ایک ماہ کے اندر سپورٹس اکیڈمی قائم کرینگے،کشمیر پریمئیر لیگ کے کامیاب انعقاد سے بھارتی پروپیگنڈہ دم توڑ گیا۔

وزیر اعظم عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ بھارت اور مودی سرکار کے عزائم خاک میں ملادینگے کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی، عالمی برادری خاموشی کا روزہ توڑے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات