مہنگائی کا کوڑا عوام کی پیٹھ پر زور سے برس رہا ہے ،نصراللہ عزیز

بدھ 25 اگست 2021 23:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اگست2021ء) جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر اور اتحاد العلماء سندھ کے صدر حافظ نصراللہ عزیز نے کہا ہے کہ اس وقت پوری قوم جس اذیت اور کرب سے دوچار ہے ایسے حالات پہلے کبھی نہیں تھے،تعلیمی ادارے بند،معاشی صورتحال انتہائی خراب ،مہنگائی کا کوڑا عوام کی پیٹھ پر زور سے برس رہا ہے جبکہ عدل وانصاف اور عوام کی دادرسی وشنوائی کہیں پر نہیں ہورہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامشورو میں یومِ تاسیس کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ امام عالی مقامؓ نے ظلم کیخلاف علم بغاوت بلند کیا اور اپنی خاندان کی قربانی پیش کرکے تاریخ رقم کی، واقعہ کربلا امام حسین ؓ کی شہادت پر ختم نہیں ہوا، حسینی تحریک آج بھی یزیدی قوتوں کیخلاف برسرپیکار ہے جماعت اسلامی حسینی تحریک کا تسلسل ہے ۔

(جاری ہے)

کورونا کی آڑ میں عوام کا جو معاشی استحصال ہورہا ہے ،بچوں کیلئے تعلیمی اداروں کے دروازے بند کرکے پوری قوم کو جاہلیت کی طرف دھکیلا جارہا ہے، موجودہ سیکولر حکمران نااہل،نالائق اور کرپٹ ہیں جنہوں نے پوری قوم پر عذاب مسلط کررکھا ہے، یہ حکمران کورونا سے بھی زیادہ خطرناک ہیں، اسلئے اب ایسے نااہل حکمرانوں سے ایس اوپیز کے تحت فاصلہ رکھنا ضروری ہوچکا ہے۔

جماعت اسلامی کی تاریخ شہادتوں، قربانیوں اور خدمت کی تاریخ ہے، دستور پاکستان کیلئے جدوجہد ہو یا فتنہ قادیانیت اور ختم نبوت کا مسئلہ جماعت اسلامی نے ہر تحریک میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے، ہماری قیادت قاضی حسین احمد،میاں طفیل محمد، سید منورحسن اور سراج الحق جیسے درویش صفت لوگوں پر مشتمل ہے جن کی امانت ودیانت اور کردار کی گواہی بدترین مخالفین بھی دیتے ہیں ، عوام اپنے مسائل سے نجات اور ملکی ترقی کیلئے نااہل اور نالائق قیادت سے چھٹکارااور جماعت اسلامی کو ووٹ دیکر ایوان اقتدار میں پہنچانا چاہئے تاکہ عوام کی مشکلات کا خاتمہ ہوسکے ۔