غیر معیاری ٹرانسفارمر خریدے جا رہے ہیں، نئے ٹرانسفارمر لگوانے کے لئے مہینوں انتظار کرایا جاتا ہے،قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی استحقاق

کمیٹی نے بجلی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو ایسٹ انڈیا کمپنی قرار دیا چیئرمین کمیٹی نے اگلے اجلاس میں تمام ڈسکوز بورڈ کی مکمل پروفائل طلب کر لی تمام سی ای اوز متعلقہ حلقوں کے ایم این ایز بجلی کے مسائل کو 15 دن کے اندر حل کروا کر کمیٹی کو رپورٹ پیش کر دیں،ہدایت

جمعرات 26 اگست 2021 22:17

اسلام آباد(آن لائن) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے استحقاق نے بجلی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو ایسٹ انڈیا کمپنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ غیر معیاری ٹرانسفارمر خریدے جا رہے ہیں جبکہ نئے ٹرانسفارمر لگوانے کے لئے مہینوں انتظار کرایا جاتا ہے ۔کمرشل استعمال کے لئے ایک دن میں ٹرانسفارمر مل جاتا ہے اور پارلیمنٹیرین کے فنڈ ہونے کے باوجود عوام کو محروم رکھا جاتا ہے ۔

چیئرمین کمیٹی نے اگلے اجلاس میں تمام ڈسکوز بورڈ کی مکمل پروفائل طلب کر لی اور ساتھ ہی ہدایت کر دی کہ تمام سی ای اوز متعلقہ حلقوں کے ایم این ایز بجلی کے مسائل کو 15 دن کے اندر حل کروا کر کمیٹی کو رپورٹ پیش کر دیں ۔کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو رانا قاسم نون کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں اراکین کمیٹی کے علاوہ محرک پارلیمنٹیرین نے شرکت کی کہ بجلی کے مسائل کے حوالے سے پیسکو ، فیسکو ، ہیسکو ، لیسکو ، فیسکو اور وزارت پانی و بجلی کے اعلی حکام نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

کمیٹی اجلاس میں رکن کمیٹی نواب شیر و دیگر پارلیمنٹیرین نے اپنے اپنے حلقوں میں بجلی کے مسائل کے حوالے سے شکایتوں کے انبار لگا دیئے ۔ بجلی کے کھمبوں اور ٹرانسفارمر کی مرمت اور لوڈنگ کے نئے ٹرانسفارمر کی دستیابی کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا جس پر سی ای اوز سے موقع پر جواب طلبی کرتے ہوئے چیئرمین کمیٹی رانا قاسم نون نے کہا کہ ایم این ایز کے فنڈز جمع کرنے کے باوجود ان کے حلقے میں بجلی کے مسائل کا سامنا ہے اس کو فوراً حل کریں اور جن ایم این ایز کے حلقے میں مسائل ہیں ان کو بھی 15 دن میں حل کر کے رپورٹ کمیٹی میں پیش کر دی جائے جبکہ اگلے اجلاس میں تمام اراکین کمیٹی کے پرزور احتجاج پر وزارت پاور اور پانی کے اعلی حکام اور ملک بھر کے ڈسکوز کو طلب کرتے ہوئے تمام مسائل پر بحث کرنے کی ہدایت بھی کر دی ۔

۔