ادارے اور اسٹیبلشمنٹ انتخابات میں مداخلت سے دستبردار ہوجائیں اور عوام کے سامنے سرنڈر کردیں، اظہر اقبال حسن

ہفتہ 28 اگست 2021 00:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اگست2021ء) جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن نے کہا ہے کہ ادارے اور اسٹیبلشمنٹ انتخابات میں مداخلت سے دستبردار ہوجائیں اور عوام کے سامنے سرنڈر کردیں، اسی کے نتیجے میں عوام اپنی حقیقی قیادت کو پہچان لیں گے۔ ڈیرہ غازی خان میں جماعت اسلامی کے 80ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں منعقد سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پاکستان کی نظریاتی اساس اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں، فتنہ قادیانیت، ایوبی آمریت، سُرخ آندھیوں،کمیونزم، سوشلزم اور سیکولرازم کے چیلنجز کا مردانہ وار مقابلہ کرکے ملک کے اسلامی تشخص کا تحفظ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کو پنپنے اور مضبوط نہیں ہونے دیا گیا۔

(جاری ہے)

انتخابات کے نتائج چُرائے اور بدعنوان، مفاد پرست عناصر قوم کی گردنوں پر مسلط کئے جاتے رہے، اسی لئے آج ملک معاشی بحران، بین الاقوامی طور پر تنہائی اور اندرونی خلفشار کا شکار ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک کے مسائل کا واحد حل اسلامی نظام زندگی کا قیام ہے اور جماعت اسلامی اس عظیم مقصد کے حصول کے لئے اپنی جدوجہد تمام مشکلات کے باوجود جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آئندہ جنرل الیکشنز اور بلدیاتی انتخابات میں اپنے نشان ترازو پر میدان میں اُترے گی اور دیانت دار قیادت قوم کے سامنے پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے بانی مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ کی فکر نے پوری دنیا میں اپنے اثرات مرتب کیے ہیں یہی وجہ ہے ترکی، مصر، کشمیر، فلسطین اور دیگر ممالک میں اسلامی تحریکوں کو قوت حاصل ہوئی ہے اور افغانستان میں برطانیہ، روس اور امریکہ کی ذلت آمیز شکست سے واضح ہوگیا ہے کہ جذبہ جہاد کو ہرگز دبایا نہیں جاسکتا۔

انہوں نے کابل ایئر پورٹ پر بم دھماکے کی شدیدمذمت کی۔ اس موقع پر ممبر مرکزی مجلسِ شوریٰ وعاملہ شیخ عثمان فاروق ایڈووکیٹ،امیر ضلع رشید احمد اختر،گروپ لیڈر این اے 191 جاوید اقبال بلوچ،نائب امیر ضلع منیر احمد کلاچی، امیر شہر انجینئر سجاد احمد بلوچ،جنرل سیکرٹری شیخ سعد فاروق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھرپور رابطہ مہم کے ذریعے عوام کو جماعت اسلامی کے پیغام سے روشناس کرائیں گے اور آئندہ انتخابات میں ضلع بھر میں حصہ لیں گے۔ سیمینار میں سینکڑوں ارکان وکارکنان اور معززینِ شہر اور بلدیاتی گروپ لیڈرز نے شرکت کی۔