کابل ائیرپورٹ کے قریب امریکی ڈرون حملہ، داعش کا خودکش بمبار ہلاک

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں امریکی ڈرون حملے میں داعش کا ایک مبینہ خودکش بمبار ہلاک ہوگیا، امریکی سینٹر ل کمانڈ کی تصدیق

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 29 اگست 2021 21:13

کابل ائیرپورٹ کے قریب امریکی ڈرون حملہ، داعش کا خودکش بمبار ہلاک
کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 اگست 2021ء ) کابل ائیرپورٹ کے قریب امریکی ڈرون حملے سے دھماکا، ڈرون حملے میں داعش کے خودکش بمبار کو ہلاک کرنے کی تصدیق کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں امریکی ڈرون حملے میں ایک مبینہ خودکش بمبار ہلاک ہوگیا۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہےکہ ڈرون حملے میں ایک خودکش بمبار کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

امریکی حکام کے مطابق خود کش بمبار کا تعلق داعش خراسان سے تھا جو کہ کابل ائیرپورٹ پر حملہ کرنے جارہا تھا۔امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ امریکی حملے میں ایک مبینہ خودکش حملہ آور کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ ڈرون حملہ ایسے وقت ہوا ہے جب کابل ائیرپورٹ کے قریب ایک مکان پر مبینہ راکٹ حملے کی بھی اطلاعات ہیں۔

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر متعدد ویڈیوز بھی گردش کررہی ہیں جس میں ایک مکان سے دھواں اٹھتا نظر آرہا ہے۔افغان میڈیا نے دعویٰ کیا ہے مکان پر راکٹ حملہ ہوا ہے جس میں ایک بچہ جاں بحق ہوا ہے۔اس حوالے سے باضابطہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی ہےکہ آیا مذکورہ بالا دونوں اطلاعات ایک ہی واقعے سے متعلق ہیں یا دونوں علیحدہ علیحدہ واقعات ہیں۔خیال رہے کہ 2 روز قبل بھی کابل ائیرپورٹ دھماکوں سے گونج اٹھا تھا جس میں 13 امریکی فوجیوں اور 2 برطانوی شہریوں سمیت 170 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، ان دھماکوں سے دو روز قبل امریکی صدر جوبائیڈن نے حملے کا الرٹ جاری کیا تھا۔

یہ بھی یاد رہے کہ تین روز قبل کابل ائیر پورٹ پر ہونے والے خودکش حملے سے چند گھنٹے قبل برطانیہ نے الرٹ جاری کیا تھا کہ کسی بھی مقام پر انتہائی خطرناک حملہ ہو سکتا ہے جب کہ امریکا اور آسٹریلیا نے بھی شہریوں کو خبردار کر دیا تھا کہ وہ ائیرپورٹ میں جمع نہ ہوں کیوں کہ ائیرپورٹ کے داخلی دروازوں پر دہشت گردی کی اطلاعات ہیں۔امریکی فوج نے گزشتہ روز کابل ائیرپورٹ کی کئی اہم پوزیشنز خالی کر دی تھیں جس کے بعد افغان طالبان کی اسیشل فورسز ائیرپورٹ میں داخل ہو گئی تھیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان طالبان کی اسپیشل فورسز کے اہلکار کابل ائیرپورٹ کی بیشتر اور اہم ترین پوزیشنز کا کنٹرول سنبھال چکی ہیں، جبکہ لوگوں کو ائیرپورٹ سے دور رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہیں۔