نئی نسل کو معاشرے کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے،معاشرے کی ترقی میں خواتین کی بہت اہمیت ہے،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی

پیر 30 اگست 2021 22:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اگست2021ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی سے خیبرپختونخواہ پرووینشل منیجمنٹ سروسسز کے بیچ 86 کے وفد نے پیر کو پارلیمنٹ ہاوس میں ملاقات کی۔دورے کا مقصد وفد کوقانون سازی اور پالیسی سازی سے روشناس کرانا تھا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے وفد کو خوش آمدید کہا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ نئی نسل کو معاشرے کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

معاشرے کی ترقی میں خواتین کی بہت اہمیت ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں نوجوان نسل کا کلیدی کردار ہوتاہے اور خوش قسمتی سے ہمارے ملک میں نوجوانوں کی تعداد زیادہ ہے۔ آپ جیسے نوجوانوں کا آگے آنا بہت خوش آئند ہے۔آپ لوگوں کو اللہ نے موقع دیا ہے اس کو ضائع نہ کریں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ معاشرے میں اپنا اچھا نام بنانے کی کوشش کریں۔

پاکستان اور معاشرے کی ترقی کیلئے ہمیں آپ جیسے لوگوں کی ضرورت ہے۔ہمارے لئے تمام علاقے ایک جیسے ہیں کسی علاقے کو دوسرے علاقے پر فوقیت نہیں۔جس اسکول سے میں نے تعلیم حاصل کی ابھی بھی ویسا ہے آپ لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ اسکولوں کو بہتر بنائیں۔بحیثیت ڈپٹی چیئرمین سینیٹ میری کوشش ہوتی ہے کہ ایسی قانون سازی اور پالیسی لے کرآوں جو آنے والی نسل کیلئے بہتر ہو۔

موسمیاتی تبدیلی، پانی کا بحران بڑے چیلنجز ہیں، اس پر قابو پانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی بلین ٹری سونامی کو دنیا بھر میں پذیرائی ملی اور اس سے ہماری آنے والی نسلوں کو اسکا فائدہ ہوگا۔خیبرپختونخواہ پرووینشل منیجمنٹ سروسز کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔رتبہ، طاقت یہ چیزیں اہمیت نہیں رکھتی بلکہ آپکا رویہ، اخلاق وہ اعمال ہیں جس کی وقعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگ آپ کے اخلاق اور روئیے سے زیادہ متاثر ہوں گے۔معاشرے میں پیار، محبت کو پھیلائیں تاکہ لوگ آپ سے ڈرے نہیں بلکہ آپ کے پاس آئیں۔مجھے میرے اچھے اخلاق اور اچھے رویے کی وجہ سے زیادہ ووٹ ملے، اپوزیشن سے بھی میرے بہتر تعلقات ہیں۔لوگوں سے اچھابرتاو کریں اور معاشرے کو مثبت پیغام دیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایسا کام کریں کہ لوگ آپ کو یاد رکھیں اور آپ سے خوش ہوں۔

اس معاشرے میں فردواحد کی بہت زیادہ اہمیت ہے، انسان کی قدر کرنا سیکھیں۔انہوں نے کہا کہ آپ کیلئے اگر کسی قانون سازی کی ضرورت ہے تو اس کیلئے میرا تعاون آپ کے ساتھ ہوگا۔وفد نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے سوالات بھی کئے اور مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے وفد کے سوالوں کے تسلی بخش جوابات دیئے اور مسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی۔چیف انسٹرکٹر 17 کامن پی اے ایس مشتاق جدون نے ترغیبی گفتگو پرڈپٹی چئیرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا۔ وفد نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو یادگاری شیلڈ پیش کی جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے وفد کے تمام ممبران کو بھی یادگاری شیلڈ دیں۔وفد نے سینیٹ ہال کا بھی دورہ کیا۔