طالبان اور مزاحمتی فورسز کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں، افغان میڈیا

طالبان نے پنج شیر کی چوکی پر حملہ کیا ہے، جسے مزاحمتی فورسز نے روک لیا،قریبی ذرائع احمد مسعود

منگل 31 اگست 2021 13:06

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2021ء) افغان میڈیانے کہاہے کہ پنج شیر میں طالبان اور مزاحمتی فورسز کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔افغان میڈیا کی رپورٹ کے مطابق طالبان نے پنج شیر کی چوکی پر حملہ کیا ہے، جسے مزاحمتی فورسز نے روک لیا۔طالبان کے پنج شیر چوکی پر حملے کی افغان میڈیا نے احمد مسعود کے قریبی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ۔

اس سے قبل برطانوی نشریاتی ادارے کا کہنا تھا کہ پنج شیر میں طالبان اور مخالف اتحاد کے مذاکرات جاری ہیں، طالبان اور مخالف اتحاد کے مذاکرات میں ڈیڈلاک نہیں مگر پیشرفت کم ہے۔ترجمان مزاحمتی اتحاد جمشید دستی نے دعوی کیا تھا کہ طالبان نے پنج شیر میں مواصلاتی نظام معطل کرنے کی کوشش کی، مواصلاتی نظام ختم کرنے سے پنج شیر والوں کے لیے مسائل ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان مزاحتمی اتحاد کا کہنا تھا کہ پنج شیر میں روزمرہ استعمال کی چیزوں کی کمی نہیں، نظام زندگی چل رہا ہے۔جمشید دستی کا کہنا تھا کہ پنج شیر کا محاصرہ لمبا ہوا تو بیک اپ موجود ہیں، پنج شیر میں محصور رہ کر طویل عرصے تک مزاحمت کے لیے تیار ہیں۔ترجمان مزاحتمی اتحاد کا کہنا تھا کہ طالبان سے براہ راست رابطوں کا سلسلہ جاری ہے، تمام ثالث قوتوں، شخصیات کو بتادیا کہ ہم اپنے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔