صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز سید ضیاعباس شاہ کی گڑھی خدا بخش میں بھٹو خاندان کے مزارت پر حاضری

منگل 31 اگست 2021 23:57

کرا چی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2021ء) صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز سید ضیاعباس شاہ نے گڑھی خدابخش بھٹو پہنچ کر شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہیدی رانی محترمہ بے نظیر بھٹو، شہید میر مرتضی بھٹو، شہید شاہنواز بھٹو، بیگم نصرت بھٹو کی مزارات پر ایس او پز کے تحت حاضری دے کر فاتح خوانی اور پھولوں کی چادریں چڑھائی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے گا اس ضمن میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ کے انجینئرز کو ہدایت جاری کردی گئیں ہیں کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیاری اشیاکیاستعمال کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہید رانی کے ویژن کو چیرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری آگے بڑھارہے ہیں اور پوری سندھ حکومت ان کی رہنمائی میں عوامی مفاد کے لیے اقدامات کررہی ہے۔

(جاری ہے)

سید ضیا عباس شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں جاری ترقیاتی کاموں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے گا تاکہ ان منصوبوں سے عوام زیادہ سے زیادہ مستفید ہوسکے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ موجودہ وفاقی حکومت کے دور میں مہنگائی کا طوفان برپا ہوگیا ہے جس کے باعث غریب عوام کو اپنے خاندان کو دو وقت کی روٹی کھلانا مشکل ہوگیا ہے جبکہ پی پی پی نے ہمیشہ اپنے دور حکومت میں غریب عوام کو روٹی ، کپڑا اور مکان دینے کے لیے عملی اقدامات کئے ہیں۔