آرمی چیف سے جنرل وزیر خارجہ کی ملاقات، افغانستان، باہمی دلچسپی اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال

جرمنی کیساتھ باہمی تعلقات کو مزید بامقصد بنانے کے خواہشمند ہیں، سربراہ پاک فوج ……جرمن وزیر خارجہ کا خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کاوشوں کا اعتراف

بدھ 1 ستمبر 2021 00:58

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2021ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جرمن وزیر خارجہ نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی جس میں افغانستان، باہمی دلچسپی اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ جرمنی کیساتھ باہمی تعلقات کو مزید بامقصد بنانے کے خواہشمند ہیں۔

(جاری ہے)

منگل کو آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی او رعلاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ افغانستان میں پیشرفت اور مختلف شعبوں میں تعاون کے امور بھی زیر غور آئے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان جرمنی کیساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، جرمنی کیساتھ باہمی تعلقات کو مزید بامقصد بنانے کے خواہشمند ہیں، جرمن وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کاوشوں کا اعتراف کیا اور کابل سے اپنے عملے کے انخلاء میں تعاون پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اظہار تشکر کیا۔