اسلام آباد کے پارک میں کینیا کی خاتون ڈپٹی ہائی کمشنرکے ساتھ بدسلوکی اور ہاتھا پائی

ڈرائیور اور ایک ساتھی کی موجودگی میں خاتون کے بال نوچے گئے اور ہاتھا پائی کی گئی، سینیٹر مشاہد حسین سید کا انکشاف

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 2 ستمبر 2021 19:11

اسلام آباد کے پارک میں کینیا کی خاتون ڈپٹی ہائی کمشنرکے ساتھ بدسلوکی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 2اگست 2021) اسلام آبادکے مقامی پارک میں کینیا کی خاتون ڈپٹی ہائی کمشنرکے ساتھ بدسلوکی کا انکشاف، ڈرائیور اور ایک ساتھی کی موجودگی میں خاتون کے بال نوچے گئے اور ہاتھا پائی کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے ایک پارک میں 14 اگست کو کینیا کی ڈپٹی ہائی کمشنر کے ساتھ بدسلوکی کا انکشاف ہوا ہے۔

سینیٹر ولید اقبال کی زیر صدارت سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں 14 اگست کو مینار پاکستان پر خاتون ٹک ٹاکر کے ساتھ بدسلوکی کیس پر پیش رفت اور ملک میں اس طرح کے بڑھتے واقعات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد حسین سید نے انکشاف کیا گزشتہ دنوں کینیا کی ڈپٹی ہائی کمشنر نے انہیں بتایا کہ 14 اگست کو لیک ویو پارک اسلام آباد میں ان کے ساتھ بھی بدسلوکی کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

مشاہد حسین سید کے مطابق کینیاکی ڈپٹی ہائی کمشنرنے انہیں بتایا کہ ان کے ساتھ ڈرائیور اور ایک ساتھی بھی تھا، اس کے باوجود لوگوں نے ان کے بال نوچے اور ہاتھا پائی کی۔چیئرمین کمیٹی نےکہا کہ یہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے، اس کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، ایک ماحول بنتاجارہا ہے اور اب غیرملکی سفارت کار بھی اس کا شکار ہو رہے ہیں، ہم سیاحت کےفروغ کی بات کرتےہیں ان حالات میں کون یہاں آئےگا۔

واضح رہے کہ آج ہی کے روز اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر نے سماجی رابوطں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں اسلام آباد کو دنیا کو دوسرا محفوظ ترین شہر قرار دیے جانے کے حوالے سے ایک رپورٹ شیئر کی ہے۔دنیا بھر کے محفوظ ترین شہروں اور ممالک کا ریکارڈ مرتب کرنے والے ادارے نمبیو نے 2021 کے ابتدائی 6 ماہ کی فہرست جاری کی، جس کے مطابق جنوبی ایشیا میں سب سے محفوظ ترین شہر منگلور کو قرار دیا گیا ہے، جہاں سیفٹی انڈیکس کی شرح 74.66 فیصد رہی۔

نمبیو کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں اسلام آباد کو جنوبی ایشیا کا دوسرا محفوظ ترین شہر قرار دیا گیا ہے، جہاں کا سیفٹی انڈیکس 70.85 فیصد رہا۔اس فہرست میں افغان دارالحکومت کابل ، ڈھاکا، مالی بھی شامل ہے، جہاں بالترتیب جرائم کی شرح 76.55، 23.45 اور 64.94 ریکارڈ کی گئی ہے۔عالمی تحقیق کے مطابق خوبصورتی میں بڑا مقام رکھنے والے دس ممالک کے دارالحکومتوں میں اسلام آباد دوسرے نمبر پر ہے۔ عالمی ادارے کی جانب سے اسلام آباد کو محفوظ شہر قرار دیے جانے کے بعد اس طرح کا واقعہ پیش آنا قابل افسوس اور تشویشناک ہے۔